Wed, September 16, 2026

جمہوریت اور خودمختاری پر کبھی سمجھوتا نہیں کریں گے ، بلاول بھٹو زرداری کا یومِ آزادی پر قوم کے نام پیغام

 جمہوریت اور خودمختاری پر کبھی سمجھوتا نہیں کریں گے ، بلاول بھٹو زرداری کا یومِ آزادی پر قوم کے نام پیغام

اسلام آباد :  پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کی جمہوریت، آئین، قومی دفاع اور خودمختاری پر کبھی کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔

یومِ آزادی کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں بلاول بھٹو نے پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ پیپلز پارٹی ملک میں غربت، مہنگائی، بے روزگاری اور امتیازی سلوک کے خاتمے کے لیے اپنی جدوجہد مزید تیز کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ 14 اگست کا دن ہمیں قائداعظم اور ہمارے آباؤ اجداد کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، جنہوں نے ایک آزاد، خودمختار اور مساوات پر مبنی پاکستان کے لیے جدوجہد کی۔ ان کا کہنا تھا کہ قائداعظم کا خواب ایک ایسا ملک تھا جہاں ہر شہری کو مذہب، زبان یا عقیدے سے بالاتر ہو کر برابر کے حقوق حاصل ہوں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ سے اسی وژن کی محافظ رہی ہے اور عوام کے حقوق، جمہوریت اور آئین کے دفاع کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو نے اپنی جانیں ملک و قوم کے لیے قربان کیں، اور ان کی قربانیاں آج بھی ہمیں راستہ دکھاتی ہیں۔

انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ نفرت، تقسیم اور عدم برداشت کو مسترد کریں اور ایک پرامن، خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان کے لیے متحد ہو کر کام کریں۔

اپنے پیغام کے آخر میں بلاول بھٹو نے دعا کی کہ پاکستان ہمیشہ قومی اتحاد اور ہم آہنگی کے ساتھ ترقی کرے اور دنیا میں سر بلند رہے۔

ٹیگز: