اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملک کی سیاسی و معاشی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لینے کے لیے وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس کل طلب کر لیا ہے۔ اجلاس میں افغان طالبان، فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کی اشتعال انگیزی سمیت دیگر قومی سلامتی کے معاملات بھی زیرِ غور آئیں گے۔
ذرائع کے مطابق، وزیراعظم شہباز شریف کابینہ کو اپنے حالیہ مصر کے دورے اور غزہ امن سربراہی اجلاس میں پاکستان کے کردار سے آگاہ کریں گے۔ غزہ امن کانفرنس میں پاکستان کو ایک اہم مقام حاصل رہا ہے، جس کا تفصیلی جائزہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔
اجلاس میں قانون سازی سے متعلق کابینہ کمیٹی کے فیصلے بھی توثیق کے لیے پیش کیے جائیں گے۔دوسری جانب، وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری کے درمیان آج ایوانِ صدر میں اہم ملاقات متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق، اس ملاقات میں ملکی سیاسی امور، آزاد جموں و کشمیر کی صورتِ حال اور پاکستان پیپلز پارٹی کے تحفظات و مطالبات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔