اسلام آباد: وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے پاک فضائیہ کے جری سپوتوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دشمن کے 6 طیارے گرا کر شاہینوں نے ایم ایم عالم اور سیسل چوہدری جیسے قومی ہیروز کی یاد تازہ کر دی ہے۔
انہوں نے شاہینوں سے جذباتی خطاب کرتے ہوئے سورۃ الفیل کی تلاوت سے آغاز کیا اور کہا کہ جنگ کے دوران پوری قوم، بالخصوص مائیں اور بزرگ، سربسجود ہو کر اللہ تعالیٰ سے نصرت کی دعائیں مانگ رہے تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ دشمن نے اربوں ڈالر خرچ کر کے جدید ترین ہتھیار حاصل کیے لیکن ہمارے جوانوں نے غیر معمولی مہارت اور دلیری سے ان کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے۔
"پاکستان کی مسلح افواج نے چند گھنٹوں میں وہ کر دکھایا جو کئی دہائیوں تک یاد رکھا جائے گا۔"
انہوں نے مزید کہا کہ 10 مئی وہ دن ہے جب دشمن کی تکبر اور برتری کے دعوے زمیں بوس ہوئے، اور دنیا نے تسلیم کیا کہ پاکستان نے تکنیکی مہارت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے جنگ میں برتری حاصل کی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا:
"یہ کامیابی صرف ایک فوجی فتح نہیں، یہ پوری قوم کی یکجہتی اور ایمان کا ثمر ہے۔ آج دشمن بخوبی جان چکا ہے کہ پاکستان کی خودمختاری کے خلاف کوئی بھی قدم ناقابلِ برداشت ہوگا۔"
وزیراعظم نے زور دے کر کہا کہ پاکستان کی افواج کی یہ عظیم الشان کامیابی آنے والی نسلوں کے لیے فخر کا سرمایہ ہے، اور دشمن کے لیے مستقل سبق۔