واشنگٹن : امریکی سیکرٹ سروس نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مارا لاگو رہائش گاہ میں غیرقانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش کرنے والے ایک شخص کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ سیکرٹ سروس کے ترجمان انتھونی گگلیلمی کے مطابق، ایک مسلح شخص نے مارا لاگو کے حفاظتی علاقے میں داخل ہونے کی کوشش کی، جس پر سیکرٹ سروس کے اہلکاروں اور مقامی شیرف نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے اُسے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب صدر ٹرمپ خود وہاں موجود نہیں تھے۔ گولی سے ہلاک ہونے والے شخص کا نام ابھی تک نہیں بتایا گیا۔ سیکرٹ سروس کے مطابق، مشتبہ شخص کو شمالی گیٹ کے قریب دیکھا گیا، جہاں وہ شاٹ گن اور ایندھن کا کین اُٹھا کر آ رہا تھا۔ اس کی عمر تقریباً 20 سال تھی اور وہ شمالی کیرولائنا کا رہائشی تھا، جس کے اہلخانہ نے حال ہی میں اُس کے لاپتہ ہونے کی اطلاع دی تھی۔
تفتیش کاروں کے مطابق، وہ شمالی کیرولائنا سے نکل کر جنوب کی طرف آیا تھا اور راستے میں شاٹ گن اُٹھا لی تھی، جبکہ اس کی گاڑی سے بندوق کا باکس بھی برآمد ہوا۔