لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ عید قرباں کے موقع پر صوبے میں عوام نے پہلی بار صاف ستھرا پنجاب کا عملی مظاہرہ دیکھا، جس میں تمام وزراء اور محکموں نے بھرپور کردار ادا کیا۔
محرم الحرام کے انتظامات سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ تمام اداروں نے بہترین ہم آہنگی کے ساتھ فرائض انجام دیے، جس کی وجہ سے صفائی اور انتظامی امور میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور پولیس سمیت تمام ادارے اپنی ذمہ داریاں مکمل سنجیدگی سے ادا کریں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ جہاں ضرورت ہو وہاں اضافی فورس فوری فراہم کی جائے، جبکہ پولیس اہلکار شہریوں سے خوش اخلاقی اور مثبت رویے کے ساتھ پیش آئیں تاکہ عوام کا اعتماد مزید مضبوط ہو۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح عوام کو محفوظ اور پرامن ماحول فراہم کرنا ہے اور اس مقصد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔