لاہور: اداکارہ اور میزبان نادیہ خان کی جانب سے ڈرامہ زنجیریں میں سجل علی کے ایک منظر پر کی گئی تنقید کے بعد تنازع مزید بڑھ گیا ہے، اور اب سینئر اداکارہ صبا فیصل بھی اس معاملے پر سامنے آ گئی ہیں۔
نادیہ خان نے متعلقہ منظر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ خطرے کی صورتحال میں کردار کو دھیمی آواز میں "کوئی ہے" کہنے کے بجائے زور سے مدد کے لیے پکارنا چاہیے تھا۔ ان کے اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین اور شوبز شخصیات کی جانب سے مختلف آراء سامنے آئیں۔
اس سے قبل صائمہ اکرم چوہدری اور مایا علی بھی نادیہ خان کے مؤقف پر تنقید کر چکی ہیں، جبکہ اب صبا فیصل نے بھی انسٹاگرام پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے انہیں آڑے ہاتھوں لیا۔
صبا فیصل نے لکھا، "نادیہ خان، آپ سوشل میڈیا پر بیٹھی ہیں، اپنے ہی فنکاروں کے بارے میں اس انداز میں بات کیوں کرتی ہیں؟ آخر آپ کون ہوتی ہیں سجل علی پر اس طرح تنقید کرنے والی؟"
دوسری جانب سوشل میڈیا پر بحث کا سلسلہ جاری ہے۔ کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ نادیہ خان نے صرف ایک منظر کے منطقی پہلو پر رائے دی، جبکہ دیگر کے مطابق انہیں اپنے ساتھی فنکاروں پر اس انداز میں تنقید نہیں کرنی چاہیے تھی۔