لاہور: پنجاب اسمبلی میں معطل اپوزیشن ارکان کے خلاف جاری کارروائیاں مؤخر کر دی گئی ہیں۔ اسپیکر ملک احمد خان کی غیر موجودگی میں قائم مقام اسپیکر ظہر عباس چنڑ نے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات مکمل ہونے تک کسی بھی اضافی کارروائی سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ 19 معطل ارکان کو جرمانے کے دوسرے نوٹس جاری کرنے اور تنخواہوں سے جرمانے کی رقم کاٹنے کا عمل بھی روک دیا گیا ہے۔ اپوزیشن کے معطل ارکان پر توڑ پھوڑ کے الزام میں 20 لاکھ روپے سے زائد جرمانے عائد کیے گئے تھے، لیکن اس وقت یہ جرمانہ وصولی کی کارروائیاں معطل ہیں۔
اسی طرح اپوزیشن کے 13 ارکان کو قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمین عہدوں سے ہٹانے کے سلسلے میں بھی کوئی نئی کارروائی نہیں کی جا رہی، اگرچہ کچھ چیئرمین پہلے ہی عہدوں سے ہٹائے جا چکے ہیں۔