کولمبو : ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سب سے بڑے معرکے کا میدان سج گیا! کولمبو کے آر پریماداسا سٹیڈیم میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہائی وولٹیج مقابلے کا ٹاس ہو گیا ہے، جہاں پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دے دی ہے۔
پاکستانی شاہینوں نے بھارتی سورماؤں کے خلاف پہلے گیند بازی کا محاذ سنبھالنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کپتان سلمان آغا کے مطابق کنڈیشنز بولرز کے لیے مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔
میدان میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت تناؤ محسوس کیا جا رہا ہے۔ ٹاس کے موقع پر 'نو ہینڈ شیک' (ہاتھ نہ ملانے) کی روایت برقرار رہی، جو دونوں ممالک کے درمیان جاری کرکٹ ڈپلومیسی کی صورتحال کو ظاہر کرتی ہے۔
بھارتی بیٹنگ لائن اپ پاکستان کے مسٹری اسپنر عثمان طارق کے منفرد ایکشن سے سخت دباؤ میں ہے۔ ذرائع کے مطابق بھارتی بیٹرز نے گزشتہ روز نیٹ پر عثمان طارق جیسے ایکشن والے مقامی بولرز بلا کر گھنٹوں پریکٹس کی تاکہ ان کی گیند کو سمجھ سکیں۔پریماداسا اسٹیڈیم میں آج صرف مہارت ہی نہیں بلکہ اعصاب کا بھی امتحان ہوگا۔ ایک طرف بھارتی بیٹنگ کا ہتھیار ہے تو دوسری طرف پاکستانی شاہینوں کا پیس اٹیک اور اسپن جادو۔تاہم شائقین کاکہنا ہے کہ اچھا میچ دیکھنے کو ملے گا۔