واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سڈنی کے بونڈائی بیچ پر ہونے والے حملے کو "خوفناک" قرار دیتے ہوئے حملہ آور کو روکنے والے شہری کی بہادری کو سراہا۔ وائٹ ہاؤس میں کرسمس کی تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے، ٹرمپ نے اس حملے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ مذہبی تہوار منانے والے افراد کو کسی بھی قسم کے خوف میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں، اور انہیں فخر کے ساتھ اپنے تہوار منانے چاہیے۔
صدر ٹرمپ نے اس موقع پر اس شخص کو "بہادر" قرار دیا جس نے حملہ آور کو قابو کیا۔ ٹرمپ نے کہا کہ اس شخص نے اپنی جان پر کھیل کر بہت سے لوگوں کی زندگی بچائی اور وہ اس کی جرات کو سراہتے ہیں۔
آسٹریلوی میڈیا کے مطابق، سڈنی میں فائرنگ کے دوران ایک 43 سالہ شہری احمد ال احمد نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر حملہ آور کو قابو کیا، اس کا اسلحہ چھینا اور متعدد لوگوں کی جان بچا لی۔ احمد ال احمد سڈنی میں پھل بیچنے کا کام کرتا ہے اور دو بچوں کا باپ ہے۔ اس کی اس بہادری کی وجہ سے وہ مقامی سطح پر ایک ہیرو بن چکا ہے۔