لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ آج خواتین زندگی کے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں، معاشرے سے یہ سوچ ختم کرنا ہوگی کہ کوئی کام صرف مرد یا عورت ہی کر سکتی ہے۔
سپیریئر یونیورسٹی کے زیراہتمام ’’آئی ایم اے 2026، انڈسٹری میٹس اکیڈیمیا‘‘ کی دو روزہ نمائش سے خطاب کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ طلبہ اور اکیڈیمیا کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا ایک بہترین اقدام ہے۔ سپیریئر یونیورسٹی نے تعلیم کے شعبے میں نئی راہیں متعارف کرائی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں خواتین کے لیے ڈاکٹر یا ٹیچر بننے کے مواقع محدود تھے، تاہم وقت بدل چکا ہے اور خواتین آج ہر میدان میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آرٹ اینڈ ڈیزائن ایک اہم اور تخلیقی شعبہ ہے، طلبہ کو اس میدان میں بہترین وسائل اور مواقع فراہم کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ آرٹ اینڈ ڈیزائن کے ذریعے عام لباس کو بھی منفرد اور خوبصورت انداز میں پیش کیا جا سکتا ہے، جبکہ موجودہ دور میں ہر فرد کو اپنی پسند کے مطابق لباس دستیاب ہونا چاہیے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کلنری آرٹس میں کھانے کو خوبصورت انداز میں پیش کرنے کی مہارت بھی اپنی اہمیت رکھتی ہے۔ انہوں نے آرٹ اینڈ ڈیزائن کے شعبے سے وابستہ طلبہ اور اساتذہ کو نمائش کے انعقاد پر مبارکباد دی۔
انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کا ہر کام مرد بھی کر سکتا ہے اور عورت بھی اپنی صلاحیت اور مہارت کے ذریعے کامیابی حاصل کر سکتی ہے۔ ہمیں صنفی تفریق سے متعلق فرسودہ تصورات کو ختم کرکے ہر فرد کو اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانے کے یکساں مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔