واشنگٹن (نیوز ڈیسک): وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے دورہ امریکا کے دوران عالمی مالیاتی اداروں کے سربراہان، بین الاقوامی سرمایہ کاروں اور اعلیٰ امریکی حکام سے ملاقاتیں کیں، جن میں پاکستان کی معاشی صورتحال اور اصلاحاتی ایجنڈے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
واشنگٹن میں عالمی حکام سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے تصدیق کی کہ پاکستان نے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے تحت دوسرے اور تیسرے جائزے کامیابی کے ساتھ مکمل کر لیے ہیں۔ فنڈ کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ طے پا گیا ہے اور اب صرف آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کی حتمی منظوری کا انتظار ہے، جس کے بعد اگلی قسط جاری کر دی جائے گی۔
وزیر خزانہ نے عالمی سرمایہ کاروں اور امریکی حکام کو پاکستان کے معاشی روڈ میپ پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ملک میں پائیدار معاشی استحکام کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ٹیکس نیٹ میں اضافہ، توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور نجکاری کا عمل حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ عالمی مالیاتی اداروں اور امریکی حکام کے ساتھ ہونے والی یہ ملاقاتیں انتہائی مثبت رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے اصلاحاتی ایجنڈے پر سختی سے کاربند ہے اور عالمی برادری پاکستان کی معاشی پالیسیوں اور مستقبل کی حکمت عملی کو قدر کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے۔سیاسی و معاشی ماہرین وزیر خزانہ کے اس دورے کو پاکستان کے لیے نئے اور طویل مدتی آئی ایم ایف پروگرام کی راہ ہموار کرنے کے حوالے سے انتہائی کلیدی قرار دے رہے ہیں۔