لاہور:لاہور میں اگلے سال فروری میں بسنت منانے کی تیاریوں کا آغاز ہوگیا ہے، جس میں اہم اقدامات میں سے ایک موٹر سائیکل پر دو روز کے لیے پابندی لگانے کی تجویز ہے۔ میاں نواز شریف کی ہدایت پر بسنت کی تیاریوں کے سلسلے میں لاہور میں ایک خصوصی اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں سی سی پی او لاہور صدیق کمیانہ، کمشنر لاہور زید بن مقصود، ڈی جی والڈ سٹی کامران لاشاری اور دیگر افسران شریک ہوئے۔
اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ بسنت پر استعمال ہونے والی ڈور کے معیار کی تصدیق پی سی ایس آئی آر لیبارٹری سے کرائی جائے گی اور پاس ہونے والے نمونہ جات کی بنیاد پر ڈور تیار کی جائے گی۔ اس کے علاوہ، جون میں ایک ریہرسل کرائی جائے گی جس میں پتنگ اور ڈور کی چیکنگ کی جائے گی۔
بسنت کے دوران موٹر سائیکل پر پابندی، نائٹ اور ڈے کی اجازت، اور ڈھائی تاوا گڈے تک پتنگ بازی کی تجویز دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ، بسنت پورے لاہور میں منائی جائے گی اور غیر ملکی سیاحوں کو مدعو کرنے کی حکمت عملی بھی تیار کی جائے گی۔