Wed, September 16, 2026

پاکستان مشرقِ وسطیٰ میں امن کیلئے اپنا کردار ادا کر رہا ہے، عاصم افتخار

 پاکستان مشرقِ وسطیٰ میں امن کیلئے اپنا کردار ادا کر رہا ہے، عاصم افتخار

 نیویارک: پاکستان کے سینئر ترین سفارتکار عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان سفارتی سطح پر اپنا کردار ادا کر رہا ہے اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کا خواہاں ہے۔

 نیویارک میں گفتگو کرتے ہوئے عاصم افتخار احمد نے کہا کہ پاکستان کی کوشش ہے کہ جاری تنازع کا حل پُرامن طریقے سے اور بین الاقوامی و اقوام متحدہ کے قوانین کے تحت نکالا جائے۔ پاکستان جنگ بندی، کشیدگی میں کمی اور تمام فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے کی حمایت کرتا ہے۔

 انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے چارٹر کا بنیادی مقصد تنازعات کو جنگ کے بجائے مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے حل کرنا ہے۔ پاکستان اسی اصول کے تحت خطے میں امن کے لیے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

 عاصم افتخار احمد نے مکہ معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس میں تینوں ممالک شامل ہیں اور پاکستان نے اضافی ذمہ داری قبول کی ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ خطے کی صورتحال منفی سمت میں بڑھ رہی ہے اور ایسے حالات میں پاکستان سمجھتا ہے کہ اسے اپنا کردار مزید مؤثر انداز میں ادا کرنا ہوگا۔

 ان کا کہنا تھا کہ ایران اور امریکا کے درمیان تنازع کے دوران بھی پاکستان نے کشیدگی کم کرنے اور امن کے فروغ کے لیے اہم کردار ادا کیا۔ پاکستان کا بنیادی مقصد خطے میں امن و استحکام کا قیام ہے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین اور کشمیر کے تنازعات کا حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے، جبکہ یہ تاثر درست نہیں کہ اقوام متحدہ عالمی امن کے قیام میں کوئی کردار ادا نہیں کر رہا۔

ٹیگز: