ہولونبوئر :پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم نے مین جونیئر ایشیا کپ 2026 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملائیشیا کو 2-4 سے شکست دے کر تیسری پوزیشن حاصل کرلی۔
برونز میڈل کے لیے کھیلے گئے میچ میں ملائیشیا نے ابتدا ہی سے پاکستان پر دباؤ برقرار رکھا اور 11ویں اور 13ویں منٹ میں دو گول کرکے 0-2 کی برتری حاصل کرلی۔
دو گول کے خسارے میں جانے کے باوجود پاکستانی ٹیم نے ہمت نہ ہاری اور دوسرے ہاف میں کھیل کا نقشہ ہی بدل دیا۔ رانا عبد السمیع نے 34ویں اور 47ویں منٹ میں دو مرتبہ گیند کو جال میں پہنچا کر مقابلہ برابر کردیا۔
پاکستان کی جانب سے دباؤ کا سلسلہ جاری رہا اور 52ویں منٹ میں محمد شہیر نے پینلٹی کارنر پر گول داغ کر قومی ٹیم کو پہلی مرتبہ برتری دلادی۔
میچ ختم ہونے سے چند منٹ قبل ولید رانا نے پینلٹی سٹروک پر چوتھا گول سکور کرکے پاکستان کی فتح پر مہر ثبت کردی۔
یوں پاکستان نے ملائیشیا کو 2-4 سے شکست دے کر جونیئر ایشیا کپ 2026 میں کانسی کا تمغہ حاصل کرلیا۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے قومی جونیئر ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کی بھرپور کاوشوں کو سراہا۔