اسلام آباد: بحریہ ٹاؤن منی لانڈرنگ کیسز (58/25 اور 59/25) میں عدالت نے ملک ریاض اور ان کے بیٹے علی ریاض کے خلاف کارروائی تیز کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اگر وہ 13 اکتوبر 2025 تک عدالت میں پیش نہ ہوئے تو انہیں اشتہاری قرار دے دیا جائے گا۔
سماعت کے دوران عطا الحسن، سجاد حیدر اور محمد عمران نے حاضری دی اور نقول وصول کیں، تاہم اہم ملزم خلیل الرحمن غیر حاضر رہا۔ عدالت نے اس کے وکیل کی بیماری کی بنیاد پر معافی کی درخواست کو تاخیری حربہ قرار دے کر مسترد کر دیا اور کہا کہ ملزم کو نقول صرف ذاتی پیشی پر فراہم ہوں گی۔
عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہوں کی پیشی کو لازمی قرار دیا اور واضح کیا کہ عدم تعمیل کی صورت میں سخت قانونی کارروائی ہوگی۔ مقدمہ 58/25 کی سماعت اب 15 ستمبر اور مقدمہ 59/25 کی سماعت 17 ستمبر کو ہوگی۔