اسلام آباد:بھارت اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی پر عالمی ماہرین نے بھارت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بھارت خطے میں امن کی راہ میں رکاوٹ ہے۔
ویبینار سے خطاب کرتے ہوئے نیپالی سفیر یوبا ناتھ لامسال نے کہا کہ پاکستان نے پہلگام واقعے پر غیر جانب دار تحقیقات کا مطالبہ کیا، جو اس کے بے گناہ ہونے کا ثبوت ہے، جبکہ بھارت صرف الزام تراشی اور اشتعال انگیزی میں مصروف ہے۔
سری لنکن ماہر یاسرو رانا راجہ نے یاد دلایا کہ پاکستان نے سری لنکا کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مدد کی۔ بنگلہ دیشی رہنما محبوب عالم شاہ نے کہا کہ بھارتی رویہ سارک جیسے ادارے کو تباہ کر رہا ہے۔
چینی محقق ڈاکٹر لی ہونگ می نے کہا کہ بھارت صرف باتوں میں تعاون کی بات کرتا ہے، مگر عمل میں سب سے زیادہ رکاوٹ وہ خود ہے۔
پاکستانی سفیروں اور سابق افسران نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، مگر اپنی خودمختاری کے دفاع سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گا۔
ویبینار کے آخر میں شکیل احمد رامے نے زور دیا کہ علاقائی اتحاد کو مضبوط کرنا اور سارک کو دوبارہ فعال بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔