کیلیفورنیا : دنیا کے سب سے زیادہ استعمال ہونے والے سرچ انجن گوگل نے تقریباً ایک دہائی بعد اپنے مشہور "G" لوگو کو نیا روپ دے دیا ہے۔
یہ تبدیلی اتوار کے دن گوگل کی iOS ایپ میں اپ ڈیٹ کے طور پر سامنے آئی، جس میں صارفین نے دیکھا کہ "G" کے اندر موجود رنگوں کی ترتیب اور انداز بدل گیا ہے۔ پہلے یہ چار رنگ نیلا، لال، پیلا اور ہرا واضح طور پر الگ الگ حصوں میں نظر آتے تھے، لیکن اب یہ رنگ ایک دوسرے میں گھلے ملے ہوئے ہیں، جیسے قوسِ قزح کی لہر ہو۔
گوگل نے اس نئی تبدیلی کو اپنی Android 16.8 بیٹا ایپ میں بھی شامل کیا ہے، تاہم کمپنی نے یہ واضح نہیں کیا کہ کیا یہ نیا ڈیزائن صرف "G" تک محدود ہے یا پورے "GOOGLE" لوگو پر بھی لاگو ہوگا۔
اسی طرح، ابھی تک یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ کیا یہ نیا لوگو گوگل کی دوسری ایپس، جیسے کروم، میپس یا جی میل میں بھی استعمال کیا جائے گا یا نہیں۔یاد رہے، گوگل نے اپنے لوگو کو آخری بار 2015 میں اپڈیٹ کیا تھا۔ اُس وقت بھی اس نے اپنے لوگو کو سادہ اور جدید بنانے کے لیے تبدیلی کی تھی۔