لاہور : سابق کرکٹر وسیم اکرم کو پی ایس ایل ٹیم سیالکوٹ اسٹیلینز کا صدر مقرر کر دیا گیا ہے۔ لاہور کے ایک نجی ہوٹل میں الفا اوزی اسپورٹس کی تقریب میں ان کا باضابطہ تقرر کیا گیا، جہاں انہوں نے سیالکوٹ اسٹیلینز کے صدر کے طور پر اپنے کردار کو سنبھالا۔
وسیم اکرم نے تقریب میں آن لائن شرکت کی اور ٹیم کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ سیالکوٹ اسٹیلینز کو کامیاب اور مضبوط فرنچائز بنانے کے لیے بھرپور کوشش کریں گے۔
تقریب کے دوران سیالکوٹ اسٹیلینز کا آفیشل لوگو بھی پہلی بار متعارف کرایا گیا۔ اس موقع پر سیالکوٹ اسٹیلینز کے ہیڈ کوچ ٹیم پین، کو-اونرز حمزہ مجید اور محمد شاہد نے بھی شرکت کی اور عہد کیا کہ ٹیم پی ایس ایل میں نئے فیچرز متعارف کرائے گی اور کرکٹ کے معیار کو مزید بہتر بنائے گی۔
الفا اوزی سپورٹس کی چیئرپرسن صبیحہ سلطان نے بھی اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کا ادارہ خواتین کی کرکٹ کے فروغ کے لیے بھی اقدامات کرے گا، تاکہ پاکستانی خواتین کھلاڑیوں کو مزید مواقع مل سکیں۔ انہوں نے سیالکوٹ اسٹیلینز کے اس اقدام کو پاکستانی کرکٹ کے لیے ایک مثبت پیشرفت قرار دیا۔