پاکستان نے بھارت کو ایک تاریخی اورعبرت ناک شکست دے کر نہ صرف انکے عزائم خاک میں ملا دئیے بلکہ قوم کے حوصلے اور اتحاد کی نئی مثال بھی قائم کر دی ہے۔ پاکستانی عوام اور افواج نے دنیا کو پیغام دیا کہ ہماری سرزمین، ہماری غیرت اور ہماری آزادی پر کوئی سمجھوتہ ممکن نہیں۔ مسلمان اللہ کے سوا کسی سے نہیں ڈرتے۔ 2019ء میں اسی بارڈر پر انڈیا کے کمانڈر ابھی نندن کو حوالے کیا تھا۔ آج پھر دشمن کو ہماری طاقت کا اندازہ ہو چکا ہے۔ مقامی لوگ رات کے وقت بارڈرز پر وطن کی حفاظت کیلئے تعینات جوانوں کیلئے کھانا لے کر آتے ہیں اور یہی محبت انکی ہمت اور حوصلہ بڑھاتی ہے اسی لیے تو جوان شہادت کے جذبے سے سرشار ہو کر یہاں کھڑے ہیں۔ بھارت نے پاکستان کی امن دوستی کو کمزوری سمجھا جو ان کی بہت بڑی نادانی تھی۔ پاکستان کی افواج اور فضائیہ نے دشمن کے تمام ناپاک عزائم کو ناکام بناتے ہوئے ملکی دفاع اور اس کی سرحدوں کی حفاظت کا جو مظاہرہ کیا وہ قابل تحسین اور قابل فخر ہے ہمارے ملک کے محافظوں کی انہی دلیرانہ کاوشوں سے خوفزدہ ہو کر دشمن سیز فائر کرنے پر مجبور ہوا یہ کامیابی نہ صرف ایک فوجی آپریشن کی جیت ہے بلکہ پاکستان کی تکنیکی، انٹیلی جنس اور سٹریٹیجک صلاحیتوں کا واضح ثبوت بھی ہے آپریشن بنیانِ مرصوص میں جدید ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال کیا گیا جس میں ہدف کے تعین، سائبر انٹیلی جنس، ریئل ٹائم سرویلنس اور الیکٹرانک وارفیئر کی مہارت شامل تھی اس نے دشمن کے تمام خفیہ اور کھلے منصوبے ناکام بنا دیئے اور خطے میں طاقت کے توازن کو پاکستان کے حق میں مزید مستحکم کر کے دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ پاکستان ہر سطح پر اپنے دفاع کے لیے تیار اور مکمل طور پر اہل ہے۔ آپریشن بنیانِ مرصوص افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت، جرأت مندی اور قومی غیرت کی ایک عظیم مثال ہے دشمن نے جس غرور اور تکبر کے ساتھ پاکستانی خود مختاری کو چیلنج کرنے کی کوشش کی۔ افواجِ پاکستان نے اسے عبرتناک جواب دے کر ثابت کر دیا کہ وطن عزیز کے دفاع کے لیے ہم ہر قیمت ادا کرنے کو تیار ہیں۔ بھارت کی اشتعال انگیزی اور مہم جوئی کا جو جواب دیا گیا وہ نہ صرف فوجی سطح پر ایک کامیابی ہے بلکہ یہ پوری قوم کے اعتماد، اتحاد اور حب الوطنی کی علامت بھی ہے پاک فضائیہ نے دشمن کے خوابوں کو چکنا چور کر کے دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ پاکستان پر میلی آنکھ ڈالنے والوں کا انجام عبرتناک ہوتا ہے پاک فضائیہ نے جس طرح اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا وہ قابلِ فخر ہے بھارت کو اب اندازہ ہو گیا کہ پاکستان سے الجھنا مہنگا پڑ گیا نریندر مودی کے جنگی جنون نے بھارت کو بند گلی میں دھکیل دیا ہے حالانکہ بھارت میں لوگ پیار محبت سے چلنا چاہتے ہیں لیکن مودی بھارتیوں کو بدنام کر رہا ہے۔ بھارت نے ہمارے معصوم بچوں کو شہید کیا، سویلین آبادی پر حملے کر کے لوگوں شہید کیا، مساجد شہید کی گئیں جبکہ ہم امن پسند لوگ ہیں ہمارا مذہب بھی امن کا درس دیتا ہے ہم محبت کی بات کرتے ہیں لیکن مودی نفرتیں پھیلا رہا ہے۔ یہی و جہ تھی کہ6 اور 7 مئی کو بھارتی جارحیت کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 31 شہادتیں ہوئیں جس کے بعد ہماری بری، بحری اور فضائی افواج نے زمین، فضا، سمندر اور سائبر سپیس میں مکمل ہم آہنگی سے اہم اہداف کو نشانہ بنایا اور پاکستان کے خلاف استعمال ہونے والے بھارت کے 26 اہم ملٹری ٹارگٹس کو صفحہ ہستی سے مٹا دیا۔ ان نشانہ بننے والے مقامات میں سورت گڑھ، سرسہ، بجھ، آدم پور، اونتی پورہ، اودھم پور، نالیہ، برنالا، بھٹنڈہ، الواڑا، سری نگر، جموں، مامون، امبالا اور پٹھان کو ٹ شامل تھے جبکہ بیاس اور نگروٹا میں موجود براہموس میزائل کے ذخائر جو پاکستانی شہریوں پر حملوں میں استعمال ہوئے ان کو تباہ کیا گیا بھارت کے ایس 400 ایئر ڈیفنس سسٹم کو پاک فضائیہ نے بوجھ اور آدم پور مقامات پر نشانہ بنایا جب کہ اڑی میں فیلڈ سپلائی ڈپو اور پونچھ میں ریڈار سسٹم جیسے لاجسٹک اور سپورٹ مراکز کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ کے جی ٹاپ، نشہرہ میں موجود 10 بریگیڈ اور 80 بریگیڈ کی کمانڈ تنصیبات کو بھی تباہ کیا گیا یہ وہ تنصیاب ہیں جہاں سے بلااشتعال فائرنگ کر کے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا جاتا تھا راجوڑی اور نوشیرہ میں موجود ملٹری اینٹلی جنس یونٹس اور ان کی فیلڈ عناصر جو پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث پراکسیز کو سپورٹ دیتے تھے ان کو بھی ختم کر دیا گیا جب کہ لائن آف کنٹرول کے باہر وہ تمام آرٹلری، لاجیسٹک اور پوسٹیں جو آزاد کشمیر میں شہریوں پر فائرنگ کرتی تھی ان پر شدید اور مسلسل جوابی کارروائی کی گئی یہاں تک کہ انہوں نے سفید جھنڈے لہرا دیئے۔ بھارت نے ڈرونز کے ذریعے پاکستان کے فضائی حدود کی خلاف ورزی کی تاکہ عوام میں خوف پھیلایا جا سکے اور ان کو ڈرایا جا سکے۔ اس کے رد عمل میں آپریشن بنیان مرصوص کے دوران پاکستان کے مسلح ڈرون بھارت کے دارالحکومت نئی دلی سمیت بڑے شہروں اور مقبوضہ کشمیر سے لے کر گجرات تک مسلسل پرواز کرتے رہے تاکہ پاکستان کی صلاحیت کا نہ صرف اظہار کیا جا سکے بلکہ یہ بتایا جا سکے اس ڈرون کے ڈومینز کا موجودہ وار فیئر میں کوئی فائدہ نہیں پاکستانی افواج نے بھرپور سائبر حملے بھی کیے جس کے نتیجے میں ان بھارتی اہم مواصلاتی اور انفراسٹرکچر نظام کو مفلوج کیا گیا جو بھارتی افواج استعمال کر رہی تھیں پاکستانی افواج کے پاس ایسی کئی جدید جنگی صلاحیتیں موجود ہیں جن میں کچھ کا استعمال محدود سطح پر کیا گیا جب کہ کئی صلاحیتیں آئندہ کے لیے محفوظ رکھی گئی ہیں۔ اس جنگ میں ہم نے مودی کو یہ بھی پیغام دیا ہے کہ آپ کی طرف سے مسلسل اشتعال انگیزی کے مقابلے میں پاکستان کا ردعمل نہایت درست، متوازن اور محدود نوعیت کا رہا۔ پاکستان نے نہایت مخصوص اہداف کو منتخب کیا تاکہ عام شہری متاثر نہ ہوں۔ امریکہ کی ثالثی میں ہونے والا سیز فائر جنگ بندی میں بدل چکا ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ بھارت دوبارہ کوئی بھی ایسی حرکت نہ کرے۔