اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے بانی پی ٹی آئی کے علاج کے حوالے سے جاری قیاس آرائیوں کی سخت تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ سابق وزیراعظم کی صحت کے معاملے کو ذاتی مفادات کے لیے سیاسی رنگ دینے کی کوشش نہ کی جائے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ 'ایکس' پر جاری اپنے بیان میں وزیر اطلاعات نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کی آنکھ کا مزید معائنہ ماہرینِ امراضِ چشم (Ophthalmologists) پر مشتمل ٹیم کرے گی۔
یہ معائنہ ایک مخصوص اور اعلیٰ سطح کے طبی ادارے میں کیا جائے گا تاکہ تشخیص میں کوئی کسر نہ رہے۔علاج اور معائنے کی مکمل تفصیلات اور رپورٹ سپریم کورٹ آف پاکستان میں جمع کرائی جائے گی تاکہ عدالتی ریکارڈ کا حصہ بن سکے۔
عطا تارڑ نے اپنے پیغام میں زور دے کر کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق افواہیں پھیلانے سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت قانون کے مطابق تمام ضروری طبی اقدامات اٹھا رہی ہے اور اس حساس معاملے پر غیر ضروری سیاست ملک اور ادارے کے مفاد میں نہیں ہے۔