Wed, September 16, 2026

مہنگائی کا ایک اور وار: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ساڑھے 7 روپے تک اضافے کی تجویز، عوام پر بوجھ بڑھانے کی تیاری

مہنگائی کا ایک اور وار: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ساڑھے 7 روپے تک اضافے کی تجویز، عوام پر بوجھ بڑھانے کی تیاری

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ایک بار پھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا وزن عوام کے کندھوں پر ڈالنے کی تیاری کر لی ہے۔ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کو بنیاد بنا کر پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کی سمری تیار کر لی گئی ہے، جس سے مہنگائی کا نیا طوفان آنے کا خدشہ ہے۔
ذرائع کے مطابق آئندہ پندرہ روز کے لیے قیمتوں میں درج ذیل تبدیلیاں متوقع ہیں۔    پیٹرول، فی لٹر قیمت میں 4 روپے 39 پیسے اضافے کا امکان ہے۔    ہائی سپیڈ ڈیزل، ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں کلیدی اہمیت رکھنے والے ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 40 پیسے اضافے کی توقع ہے۔   لائٹ ڈیزل، صنعتی اور زرعی استعمال کے لائٹ ڈیزل میں سب سے زیادہ 7 روپے 5 پیسے فی لٹر اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔
    مٹی کا تیل،  غریب طبقے کے زیرِ استعمال مٹی کے تیل کی قیمت میں بھی 4 روپے کا اضافہ متوقع ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈیزل کی قیمت میں اضافے کا اثر براہِ راست زرعی اجناس اور مال برداری پر پڑے گا، جس سے سبزیاں، پھل اور دیگر ضروری اشیاء مزید مہنگی ہو جائیں گی۔ عوامی حلقوں نے اس ممکنہ اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
وزارتِ خزانہ وزیراعظم کی حتمی منظوری کے بعد آج رات نئی قیمتوں کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کرے گی، جس کا اطلاق رات 12 بجے سے پورے ملک میں ہوگا۔

ٹیگز: