Wed, September 16, 2026

سندھ پولیس کا ہر جوان امن کا سفیر ہے، دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں لائقِ تحسین ہیں: مراد علی شاہ

سندھ پولیس کا ہر جوان امن کا سفیر ہے، دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں لائقِ تحسین ہیں: مراد علی شاہ

کراچی : وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ پولیس نے جرائم اور دہشت گردی کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر ثابت کر دیا ہے کہ وہ صوبے کے عوام کی محافظ ہے۔ نیشنل اکیڈمی فار ایوی ایشن کراچی میں منعقدہ پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پولیس فورس کی پیشہ ورانہ مہارت کو زبردست الفاظ میں سراہا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پولیس کی انتھک محنت اور بہترین حکمت عملی کی بدولت امن و امان کی صورتحال میں جو بہتری آئی ہے وہ سب کے سامنے ہے۔آج جو امن ہمیں میسر ہے، وہ پولیس کے ان جوانوں کی مرہونِ منت ہے جنہوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے۔
مراد علی شاہ نے پاس آؤٹ ہونے والے جوانوں کو یاد دلایا کہ سندھ حکومت اور عوام ان سے بڑی توقعات رکھتے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پولیس اپنی پوری طاقت جرائم کے خاتمے اور مظلوموں کو انصاف دلانے میں صرف کرے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس نے جس طرح دہشت گردی کے ناسور کا مقابلہ کیا ہے، اس کی مثال نہیں ملتی۔ حکومت سندھ پولیس کو مزید وسائل فراہم کرنے اور اسے جدید ترین تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھے گی۔

ٹیگز: