لاہور : لاہور کے تاریخی فورٹریس اسٹیڈیم میں جاری پاکستان کے سب سے بڑے اسپورٹس اینڈ کلچرل فیسٹیول "ایپ سپ اولمپیاڈ 2026" میں نجی جامعات کے طلبہ نے اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھا کر میلہ لوٹ لیا۔ تقریب کے دوران چیئرمین ایپ سپ پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمان کے خطاب نے شرکاء میں نیا جوش و ولولہ بھر دیا۔
اپنے خطاب میں چیئرمین ایپ سپ نے نوجوانوں کو اتحاد کا درس دیتے ہوئے کہا ایپ سپ کے پلیٹ فارم نے ملک کی تمام یونیورسٹیوں کو ایک لڑی میں پرو دیا ہے۔ آج ہم یہاں سندھی، بلوچی، پنجابی یا پٹھان بن کر نہیں بلکہ صرف اور صرف پاکستانی بن کر اکٹھے ہوئے ہیں۔ وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جن کا رشتہ اپنی مٹی سے مضبوط ہوتا ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمان نے کھیل کے میدان کو عملی زندگی کی تربیت گاہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایونٹ میں تمام یونیورسٹیوں کے طلبہ اپنی بہترین خداداد صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ کھیل میں ہار جیت کوئی معنی نہیں رکھتی، اصل اہمیت اپنی غلطیوں سے سیکھنے کی ہے۔ طلبہ کھیل کے میدان سے حاصل ہونے والے تجربے، نظم و ضبط اور اسپورٹس مین شپ کو اپنی عملی زندگی میں استعمال کریں۔
اولمپیاڈ میں طلبہ نے مختلف علاقائی ثقافتوں کی نمائندگی کر کے "منی پاکستان" کا نقشہ پیش کیا۔ مارچ پاسٹ اور مختلف کھیلوں کے مقابلوں نے ثابت کر دیا کہ پاکستان کا مستقبل ان نوجوانوں کے ہاتھوں میں محفوظ ہے۔ تقریب کے اختتام پر جیتنے والی نجی جامعات کے کھلاڑیوں میں اعزازات تقسیم کیے گئے۔