کیلیفورنیا: دنیا بھر میں مقبول فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام نے کئی برس کے وقفے کے بعد اپنے نام کے لوگو، یعنی ورڈ مارک، کو نئے انداز میں پیش کردیا ہے۔ نئے ڈیزائن میں صرف نام کو نمایاں کیا گیا ہے اور اسے پہلے سے مختلف فونٹ میں لکھا گیا ہے۔
میٹا کے زیر ملکیت پلیٹ فارم کے سربراہ ایڈم موسیری نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے نئی تبدیلی سے آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے ورڈ مارک کو زیادہ جدید اور بہتر شکل دی گئی ہے، تاہم اس میں انسٹاگرام کی روایتی شناخت اور سادگی کو برقرار رکھنے کی کوشش کی گئی ہے۔
ایڈم موسیری کے مطابق انسٹاگرام کے تحریری لوگو میں ایک دہائی سے زائد عرصے بعد تبدیلی کی گئی ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ پرانا ڈیزائن طویل عرصے تک استعمال ہونے کے باعث اب قدرے پرانا دکھائی دینے لگا تھا، اسی لیے برانڈ کے نام کو ایک تازہ انداز دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
نئے ورڈ مارک میں استعمال ہونے والے فونٹ کی ساخت سابقہ ڈیزائن سے مختلف ہے۔ انسٹاگرام کے نام کے حروف کو نئے انداز میں ترتیب دیا گیا ہے، جس سے لوگو کی مجموعی شکل پہلے سے زیادہ نمایاں اور جدید محسوس ہوتی ہے۔
یہ تبدیلی صرف انسٹاگرام کے تحریری نام تک محدود ہے، جبکہ ایپ کا معروف کیمرہ آئیکون فی الحال اپنی سابقہ شکل میں موجود ہے۔ یوں صارفین کے موبائل فونز پر دکھائی دینے والے روایتی رنگین کیمرہ لوگو میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں کی گئی۔
انسٹاگرام نے اس سے قبل 2016 میں اپنے لوگو میں نمایاں ردوبدل کیا تھا۔ اس وقت پلیٹ فارم نے پرانے کلاسک براؤن کیمرہ ڈیزائن کو ختم کرکے رنگوں کے امتزاج پر مبنی نیا آئیکون متعارف کرایا تھا، جو بعد میں انسٹاگرام کی نمایاں شناخت بن گیا۔
نئے ورڈ مارک کے سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی مختلف آرا سامنے آ رہی ہیں۔ کچھ صارفین نے نئے انداز کو جدید اور منفرد قرار دیا، جبکہ بعض نے حروف کی نئی ساخت کو غیر مانوس قرار دیتے ہوئے اس پر تبصرہ کیا۔
انسٹاگرام کی جانب سے اس تبدیلی کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں لائی گئیں، جبکہ میٹا نے بھی تاحال اس نئے ورڈ مارک کے بارے میں باضابطہ طور پر کوئی تفصیلی بیان جاری نہیں کیا۔
نئے ڈیزائن کے ذریعے انسٹاگرام نے اپنی پرانی شناخت کو برقرار رکھتے ہوئے برانڈ کی تحریری شکل کو موجودہ ڈیجیٹل دور کے مطابق ڈھالنے کی کوشش کی ہے۔