کیلیفورنیا: واٹس ایپ اپنے صارفین کے اکاؤنٹس کی سیکیورٹی مزید بہتر بنانے کے لیے ٹو اسٹیپ ویریفکیشن کے موجودہ طریقہ کار میں اہم تبدیلی لانے جا رہا ہے۔ نئے نظام کے تحت 6 ہندسوں پر مشتمل سیکیورٹی پن کی جگہ پاس ورڈ استعمال کرنے کی سہولت دی جائے گی۔
موجودہ نظام میں صارفین کو ٹو اسٹیپ ویریفکیشن فعال کرتے وقت چھ نمبروں پر مشتمل پن ترتیب دینا پڑتا ہے، تاہم نئے فیچر میں اس کے بجائے ایسا پاس ورڈ مقرر کیا جا سکے گا جس میں حروف اور اعداد شامل ہوں گے۔ اس اقدام کا مقصد واٹس ایپ اکاؤنٹس کو غیر مجاز رسائی کے خلاف مزید محفوظ بنانا ہے۔
کمپنی کے مطابق وہ صارفین جنہوں نے پہلے ہی ٹو اسٹیپ ویریفکیشن آن کر رکھا ہے، نئے آپشن کی دستیابی کے بعد اپنے موجودہ پن کو پاس ورڈ میں تبدیل کر سکیں گے۔
یہ سہولت فی الحال تمام صارفین کے لیے بیک وقت جاری نہیں کی جا رہی بلکہ اسے مرحلہ وار متعارف کرایا جا رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کچھ صارفین کو یہ فیچر فوری طور پر نظر نہیں آئے گا، تاہم آئندہ چند ہفتوں کے دوران اس کی دستیابی میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
واٹس ایپ کا نیا پاس ورڈ آپشن اسی ٹو اسٹیپ ویریفکیشن سسٹم کا حصہ ہوگا جو اکاؤنٹ کو اضافی حفاظتی تہہ فراہم کرتا ہے۔ نئے طریقہ کار کے ذریعے صارفین کو پہلے کے مقابلے میں زیادہ پیچیدہ اور مضبوط پاس ورڈ ترتیب دینے کا موقع ملے گا۔
جب یہ فیچر کسی صارف کے اکاؤنٹ پر فعال ہوگا تو اسے استعمال کرنا بھی مشکل نہیں ہوگا۔ سب سے پہلے واٹس ایپ کی سیٹنگز کھولنا ہوں گی، اس کے بعد اکاؤنٹس کے سیکشن میں جاکر ٹو اسٹیپ ویریفکیشن کا انتخاب کرنا ہوگا۔
وہاں نئے پاس ورڈ سے متعلق آپشن دستیاب ہوگا۔ اس پر کلک کرنے کے بعد صارف اپنا پاس ورڈ بنا سکے گا، جبکہ ضرورت پڑنے پر اکاؤنٹ کی بحالی کے لیے ریکوری ای میل بھی منسلک کی جا سکے گی۔
واٹس ایپ کے نئے سسٹم میں پاس ورڈ کم از کم 8 حروف کا ہونا ضروری ہوگا۔ اس میں کم از کم ایک حرف یا عدد شامل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے، جبکہ پاس ورڈ کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اسپیشل کریکٹر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے، تاہم اس کی شرط لازمی نہیں رکھی گئی۔