اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کے 149 ویں یوم پیدائش کے موقع پر انہیں شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ اپنے پیغام میں انہوں نے قائداعظمؒ کی زندگی کو قانون کی بالادستی، انصاف اور حق گوئی کی ایک روشن مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ قائداعظمؒ نے اصول پسندی، دیانت اور بے مثال جدوجہد سے تاریخ کا رخ بدلا۔
محسن نقوی نے کہا کہ قائداعظمؒ نے برصغیر کے مسلمانوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے بے مثال جدوجہد کی اور پاکستان کے قیام کو حقیقت بنایا۔ ان کے غیر متزلزل عزم اور محنت نے مسلمانوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر کے ایک آزاد مسلم ریاست کا خواب حقیقت میں بدل دیا۔ قائداعظمؒ نے پاکستان کو قانون، مساوات اور مذہبی آزادی کے اصولوں پر استوار کرنے کا واضح وژن دیا، جس پر آج بھی ہمیں عمل کرنے کی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ قائداعظمؒ نے اقلیتوں کے حقوق پر زور دیا اور ہمیں ایک ایسا آزاد وطن دیا جس کا ہم ہمیشہ شکر گزار رہیں گے۔ ان کے اصول ہمیں سکھاتے ہیں کہ ترقی کا راستہ ایمانداری، خود احتسابی اور قومی یکجہتی کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
محسن نقوی نے کرسمس کے موقع پر پاکستان کی مسیحی برادری کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ کرسمس محبت، قربانی اور امن کا پیغام دیتا ہے، اور حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی تعلیمات کا مقصد پوری انسانیت کو رواداری، احترام اور ہمدردی کے اصولوں پر عمل کرنے کی ترغیب دینا تھا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کی مسیحی برادری کو اپنی مذہبی رسومات کو آزادی اور جوش و جذبے کے ساتھ منانے کا پورا حق حاصل ہے۔ ان کی خدمات، خاص طور پر تعلیم، صحت اور سماجی ترقی کے میدان میں، ہمیشہ قابل فخر اور ناقابل فراموش رہی ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کا آئین اقلیتوں کے حقوق کا مکمل تحفظ کرتا ہے اور ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ پاکستان میں ہر مذہب کے پیروکاروں کو مساوی عزت، تحفظ اور یکساں مواقع ملیں گے۔
وفاقی وزیر نے آخر میں کہا کہ "ہمیں قائداعظمؒ کے سنہری اصولوں پر عمل کرتے ہوئے ایک مضبوط اور ترقی یافتہ پاکستان کی طرف بڑھنا ہے، جہاں ہر فرد کو انصاف، مساوات اور آزادی ملے۔"