کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گندم خریداری پالیسی کا بڑا فیصلہ سناتے ہوئے محکمہ خوراک کو ہدایت کی ہے کہ صوبے بھر میں خریداری مراکز فوری طور پر فنکشنل کیے جائیں اور چھوٹے کسانوں سے فصل کی خریداری کو اولین ترجیح دی جائے۔وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت اجلاس میں گندم کی خریداری کے حوالے سے درج ذیل اہم نکات طے پائے۔
صرف ان آبادگاروں سے گندم خریدی جائے گی جنہوں نے سرکاری سبسڈی سے فائدہ اٹھایا ہے، تاکہ پالیسی کا ثمر اصل حقدار تک پہنچے۔ خریداری کے پورے عمل کو مانیٹر کیا جائے گا تاکہ کسی بھی قسم کی بدعنوانی کا خاتمہ ہو اور کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکے۔کاشتکاروں کو فصل بیچنے کے بعد رقم کی ادائیگی کے لیے انتظار نہیں کرایا جائے گا؛ بروقت ادائیگیوں کے لیے سخت مانیٹرنگ کا حکم۔
مراد علی شاہ نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ زراعت سندھ کی معیشت کا محور ہے اور ہاریوں کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے۔غذائی تحفظ اور قیمتوں میں استحکام کے لیے گندم کا اسٹاک پورا کرنا ضروری ہے۔ ہم ہاریوں کے مفادات پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے اور زراعت کی ترقی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ نے محکمہ خوراک کو مہم میں تیزی لانے کی ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا کہ تمام اضلاع کے افسران فیلڈ میں نظر آئیں اور کاشتکاروں کو درپیش شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے۔