لاہور: پنجاب حکومت نے گندم کی خریداری کے لیے پرائیویٹ سیکٹر کے ساتھ معاہدہ کرلیا ہے جس کے تحت گندم 3500 روپے فی من کی قیمت پر خریدی جائے گی۔ یہ اعلان وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے گندم کے حوالے سے اہم اجلاس میں کیا گیا۔
اجلاس میں محکمہ زراعت نے بتایا کہ پنجاب میں گندم کی کوئی کمی نہیں اور ذخائر کافی مقدار میں موجود ہیں۔ حکومت نے آئندہ سال گندم کی خریداری کا مکمل منصوبہ تیار کر رکھا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ کاشتکار ہمارے بھائی ہیں اور ان کے ساتھ ہر حال میں کھڑے ہیں۔ پہلی بار پاکستان میں گندم کے کاشتکاروں کو ایک ہزار مفت ٹریکٹر دیے گئے ہیں۔ کسان کارڈ کے ذریعے اربوں روپے کی زرعی امداد بھی فراہم کی گئی ہے تاکہ کسانوں کو ترقی میں مدد ملے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں کھاد ہر قسم کی کنٹرول ریٹ پر آسانی سے دستیاب ہے تاکہ کسانوں کو کوئی مشکل پیش نہ آئے۔یہ اقدامات کسانوں کی مدد اور ملک کی گندم کی پیداوار بڑھانے کے لیے اٹھائے گئے ہیں۔