Wed, September 16, 2026

پی ایس ایل10: اسلام آباد کا راج، پشاور زلمی کو 103 رنز سےشکست

پی ایس ایل10: اسلام آباد کا راج، پشاور زلمی کو 103 رنز سےشکست

راولپنڈی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے پانچویں مقابلے میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو یکطرفہ مقابلے میں 103 رنز کے واضح فرق سے شکست دے دی۔

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی، اسلام آباد کی جانب سے دیا گیا 244 رنز کا بھاری ہدف حاصل نہ کر سکی اور پوری ٹیم 141 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

پشاور کی جانب سے کپتان بابر اعظم ایک مرتبہ پھر بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور کم اسکور پر آؤٹ ہو گئے، جب کہ دیگر بلے باز بھی جم کر نہ کھیل سکے۔

محمد حارث نے کچھ مزاحمت کرتے ہوئے 87 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، مگر وہ بھی ٹیم کو جیت کی راہ پر نہ لا سکے۔ اسلام آباد کی طرف سے عماد وسیم نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ شاداب خان نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

اس سے قبل میچ کے آغاز میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا انتخاب کیا۔ ایک ابتدائی نقصان کے بعد صاحبزادہ فرحان اور کولن منرو کے درمیان 144 رنز کی زبردست شراکت داری ہوئی جس نے مضبوط بنیاد فراہم کی۔

صاحبزادہ فرحان نے پی ایس ایل میں اپنی پہلی سنچری بنائی۔ انہوں نے 52 گیندوں پر 106 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 13 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔
دیگر نمایاں بلے بازوں میں کولن منرو 40، آغا سلمان 30، اعظم خان 16، جیسن ہولڈر 20* اور بین ڈورشیس 18* رنز کے ساتھ شامل رہے۔

پشاور زلمی کی جانب سے حسین طلعت اور الزاری جوزف نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس میچ میں دونوں ٹیموں نے اپنے اسکواڈ میں تبدیلیاں کیں۔ پشاور نے میکس برائینٹ کی جگہ جارج لنڈا کو ٹیم میں شامل کیا، جبکہ اسلام آباد نے محمد شہزاد اور رائلی میریدتھ کی جگہ سعد مسعود اور بین ڈورشیس کو فائنل الیون کا حصہ بنایا۔

ٹیگز: