لاہور: انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے خلیل الرحمان قمر اغوا برائے تاوان اور ہنی ٹریپ کیس کا فیصلہ سنا دیا ہے، جس میں تین مرکزی ملزمان کو مجرم قرار دے کر سات سال قید کی سزا سنائی گئی، جبکہ اغوا کا الزام ناقص شواہد کے باعث ثابت نہ ہو سکا۔
جج ارشد جاوید کی عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے آمنہ عروج، ممنون حیدر اور زیشان کو تاوان طلب کرنے کا مجرم قرار دیا، جبکہ حسن شاہ سمیت دیگر افراد کو بری کیا گیا۔
یاد رہے کہ یہ مقدمہ 15 جولائی 2024 کو اس وقت درج ہوا جب معروف مصنف و ڈرامہ نگار کو مبینہ طور پر ہنی ٹریپ کر کے اغوا کیا گیا اور بعد ازاں تاوان کا مطالبہ کیا گیا۔ کیس کی تفتیش تھانہ سندر میں درج کی گئی ایف آئی آر کے تحت کی گئی تھی، اور اگست 2024 میں انسداد دہشتگردی عدالت میں باضابطہ ٹرائل شروع ہوا۔
مرکزی ملزمہ آمنہ عروج کی درخواستِ ضمانت لاہور ہائی کورٹ نے مسترد کر دی تھی۔