Wed, September 16, 2026

پنجاب میں بارشوں کا نیا سلسلہ، 17 ستمبر تک الرٹ

پنجاب میں بارشوں کا نیا سلسلہ، 17 ستمبر تک الرٹ

 لاہور:پنجاب میں مون سون بارشوں کے نویں اور آخری اسپیل کے باعث بیشتر اضلاع میں 17 ستمبر تک بارشوں کی پیشگوئی کردی گئی، جس پر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال اور مری میں بارش کا امکان ہے، جبکہ لاہور، قصور، شیخوپورہ، نارووال، گوجرانوالہ، وزیرآباد اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

 مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ خوشاب، میانوالی، نورپور تھل، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، ملتان اور گردونواح میں بھی بارش متوقع ہے۔

 ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام اضلاع میں بارشوں سے ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات مکمل کیے جائیں۔

 انہوں نے کہا کہ لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ جبکہ برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ ہے، اس لیے ضلعی انتظامیہ متعلقہ محکموں کے ساتھ رابطہ یقینی بنائے۔

 دوسری جانب سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، ٹھٹھہ، سجاول اور ٹنڈو محمد خان میں 16 ستمبر تک تیز ہواؤں، آندھی اور بارش کا امکان ہے۔

 کراچی میں 14 سے 16 ستمبر کے دوران گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے۔

ٹیگز: