اکیسویں صدی کے آغاز پر ہی دنیا میں نت نئی تبدیلیاں آنا شروع ہوگئیں اور چند برس میںہی ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایسے انقلابات رونما ہوئے جسے دیکھ کر انسانی عقل دنگ رہ گئی ۔ آج ربع صدی گزرنے کے بعدجب ہم اپنے اردگرد دیکھتے ہیں تو ٹیکنالوجی کی ایک نئی دنیانظر آتی ہے۔ یہ دنیا، جسے ہم مصنوعی ذہانت ( AI) کہتے ہیں ہماری زندگی کے ہر پہلو میں رچ بس گئی ہے۔ موبائل فون سے لے کر بینکنگ نظام، ہسپتالوں، تعلیمی اداروں اور میڈیا تک ہر شعبہ مصنوعی ذہانت کے اثرات قبول کر رہا ہے۔ لیکن کیا مصنوعی ذہانت واقعی انسانی یا حقیقی ذہانت کی جگہ لے سکتی ہے؟ یہ ایک ایسا سوال ہے جو آج ہر باشعور انسان کے ذہن میں گردش کر رہا ہے۔انسانی ذہانت (Human Intelligence ) اور مصنوعی ذہانت کے درمیان بنیادی فرق کو سمجھنا ضروری ہے۔ حقیقی ذہانت قدرت کا ایک زندہ شاہکار ہے جو تجربات، جذبات، شعور اور احساسات پر مبنی ہے۔ انسان سیکھتا ہے، غلطی کرتا ہے اور اپنی غلطیوں سے سیکھ کر آگے بڑھتا ہے۔ دوسری طرف مصنوعی ذہانت اعداد و شمار (Data) اور الگورتھم (Algorithms) کا مجموعہ ہے جو انسان ہی کی طرف سے فراہم کردہ ڈیٹا کی بنیاد پر کام کرتی ہے۔ مصنوعی ذہانت کا سب سے بڑا فائدہ اس کی غیر معمولی رفتار ہے۔ یہ سیکنڈوں میںہزاروں کتابوں کا مواد تجزیہ اور پیچیدہ حساب کتاب حل کر سکتی ہے لیکن اس کی یہ صلاحیت مخصوص دائرہ تک محدود ہے۔ اے آئی صرف اسی کام میں ماہر ہے جس کےلئے اسے پروگرام کیا گیا ہے۔ اس کے برعکس انسانی ذہانت جامع ہے۔ انسان ایک ہی وقت میں تخلیقی سوچ، جذباتی سمجھ بوجھ اور اخلاقی فیصلہ سازی کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق اے آئی ماڈلز تخلیقی کاموں میں انسانوں کے برابر یا کبھی کبھی ان سے بہتر کارکردگی دکھا رہے ہیں۔ لیکن کیا کوئی مشین حقیقی محبت، ہمدردی یا ڈر محسوس کر سکتی ہے؟ اس کا جواب نہیں ہے۔ یہ وہ میدان ہے جہاں حقیقی ذہانت کا پلڑا بھاری ہے۔ اے آئی ڈیٹا پر فیصلے کرتی ہے جبکہ انسان عقل اور وجدان کا استعمال کرتے ہیں۔اے آئی کے بڑھتے ہوئے استعمال کو دیکھتے ہوئے کچھ ماہرین کا خیال ہے کہ مصنوعی ذہانت انسانی بقا کے لیے خطرہ بن سکتی ہے کیونکہ یہ تیزی سے نوکریوں کو بے روزگاری میں بدل رہی ہے۔ تاہم حقیقت یہ ہے کہ اے آئی کو ایک اوزار (Tool) کے طور پر دیکھا جانا چاہیے نہ کہ ایک متبادل کے طور پر۔ مستقبل ان لوگوں کا ہے جو مصنوعی ذہانت کو اپنی حقیقی ذہانت کے ساتھ ملا کر کام کریں گے۔مصنوعی ذہانت ایک بہترین ٹول ضرور ہے لیکن کبھی حقیقی ذہانت کا مقابلہ نہیں کر سکتی اس لیے ہمیں ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے اپنی انسانی خصوصیات کوہر حال میں محفوظ رکھنا ہوگا۔
آج دنیا ایک ایسے موڑ پر کھڑی ہے جہاں یہ سوال زیرِ بحث ہے کہ کیا مستقبل قریب میں مشین انسانی دماغ کی جگہ لے گی؟انسانی ذہانت قدرت کا وہ شاہکار ہے جو صرف معلومات کو پراسیس نہیں کرتی بلکہ احساسات، وجدان اور شعور سے لیس ہے۔ انسانی دماغ ایک ایسی تجربہ گاہ ہے جہاں فیصلے صرف منطق پر نہیں بلکہ اخلاقیات، ہمدردی اور حالات کی نزاکت پر مبنی ہوتے ہیں۔ اگر ایک انسان کسی مشکل میں ہو، تو حقیقی ذہانت اسے صرف ’ڈیٹا‘ کے طور پر نہیں دیکھتی بلکہ دکھ اور کرب کو محسوس کرتے ہوئے مدد کا فیصلہ کرتی ہے۔دوسری طرف مصنوعی ذہانت میں جذبات نام کی کوئی چیز نہیں اور نہ ہی وہ جذبات میں آکر غلطی کرتی ہے لیکن اس کی سب سے بڑی کمزوری اس کا بے روح ہونا ہے۔ مصنوعی ذہانت وہی کچھ جانتی ہے جو اسے سکھایا گیا ہے‘ یہ لکیر کی فقیر ہے اور اس میں وہ تخلیقی چنگاری مفقود ہے جو ایک شاعر کے تخیل یا ایک لکھاری کے اچانک کوندنے والے خیال میں ہوتی ہے۔ تقابل کیا جائے تو مصنوعی ذہانت معلومات کا پہاڑ ہے جبکہ حقیقی ذہانت حکمت ودانائی کا نام ہے۔ اے آئی شطرنج کے کھیل میں دنیا کے بہترین کھلاڑی کو ہرا سکتی ہے لیکن وہ جیت کی خوشی محسوس نہیں کر سکتی۔ وہ مرض کی تشخیص شاید انسانی ڈاکٹر سے بہتر کر سکتی ہے لیکن مریض کا ہاتھ تھام کر اسے حوصلہ دینے کا فن صرف اس کے پاس نہیں ہے۔مستقبل ان دونوں کی جنگ کا نہیں بلکہ اشتراک کا ہے۔ مصنوعی ذہانت انسان کی معاون تو بن سکتی ہے، نعم البدل نہیں۔ انسان کو اپنی حقیقی ذہانت کو بچانے کے لیے اب رٹے بازی اور حسابی کاموں سے نکل کر تخلیق، ہمدردی اور تنقیدی سوچ پر توجہ دینا ہوگی۔ مشین کو مشین رہنے دیں اور انسان کو ’انسان‘ بننے کی ضرورت ہے کیونکہ اصل ذہانت صرف جواب دینا نہیں بلکہ درست سوال کرنا ہے۔
مصنوعی ذہانت کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ یہ انسانی زندگی کو آسان بنا رہی ہے۔ طب کے شعبے میں بیماریوں کی تشخیص تیز ہو گئی ہے، زراعت میں جدید انداز اپنائے جا رہے ہیں، صنعتوں میں پیداوار بڑھ رہی ہے اور تعلیم میں نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔ تاہم اس کے ساتھ کئی خدشات بھی جنم لے رہے ہیں۔ بے روزگاری، انسانی صلاحیتوں کا کمزور ہونا، معلومات کے غلط استعمال اور اخلاقی مسائل جیسے چیلنجز بھی سامنے آ رہے ہیں۔ حقیقی ذہانت کی اصل قوت انسان کی انسانیت ہے۔ AI لاکھ طاقتور ہو جائے مگر اس کے پاس دل نہیں، احساس نہیں اور نہ ہی اخلاقی ذمہ داری کا شعور۔ مشین صرف وہی کرتی ہے جو اسے سکھایا جاتا ہے جبکہ انسان نئی راہیں اور نئے صبح شام پیدا کرتا ہے۔ یہی فرق انسان کو مشین سے ممتاز بناتا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ مصنوعی ذہانت کو انسانیت کی خدمت کے لیے استعمال کیا جائے نہ کہ انسان کو اس کا غلام بنا دیا جائے۔ اگر AI کو تعلیم، صحت، انصاف اور ترقی کے لیے مثبت انداز میں بروئے کار لایا جائے تو یہ انسانیت کے لیے ایک عظیم نعمت ثابت ہو سکتی ہے۔ لیکن اگر اس کے استعمال میں اخلاقیات اور انسانی اقدار کو نظر انداز کیا گیا تو یہی ٹیکنالوجی خطرات کا سبب بھی بن سکتی ہے۔ مشین کی رفتار اپنی جگہ مگر انسان کی فکر، احساس اور شعور اپنی مثال آپ ہے۔ مستقبل اسی قوم کا روشن ہوگا جو ٹیکنالوجی کو اپناتے ہوئے انسانی اقدار کو بھی محفوظ رکھے گا۔اسلام دین فطرت ہے اور یہ اپنے ماننے والوں کو کائنات کی تسخیر کا پیغام بھی دیتا ہے لہٰذا ہمیں احکاماتِ الٰہی کی روشنی میں جدید علوم کو نہ صرف سیکھنا بلکہ اس کو مثبت استعمال میں لا کر انسانیت کی خدمت بھی کرنا ہے اور یہی آج کا پیغام بھی ہے۔