لاہور: بھارتی حکومت نے ایک بار پھر پاکستانی ڈیجیٹل مواد کو نشانہ بناتے ہوئے متعدد معروف پاکستانی اداکاروں کے انسٹاگرام اکاؤنٹس پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اس اقدام کے بعد ہانیہ عامر، ماہرہ خان، اقرا عزیز، بلال عباس، سجل علی اور علی ظفر کے اکاؤنٹس بھارت میں دستیاب نہیں رہے۔
بھارتی صارفین جب ان فنکاروں کے انسٹاگرام پروفائلز دیکھنے کی کوشش کرتے ہیں تو انہیں یہ پیغام موصول ہوتا ہے:
"اس کانٹینٹ پر پابندی لگانے کی قانونی درخواست کی تعمیل کی وجہ سے یہ اکاؤنٹ بھارت میں دستیاب نہیں ہے۔"
یہ پابندی ایسے وقت میں لگائی گئی ہے جب پاکستانی فنکاروں کو سرحد پار بے پناہ مقبولیت حاصل ہو رہی تھی، اور سوشل میڈیا دونوں ممالک کے عوام کو ثقافتی طور پر قریب لا رہا تھا۔
ذرائع کے مطابق، یہ اقدام بھارتی حکومت کی جانب سے حالیہ کشیدگی کے تناظر میں معلومات اور مواد کے بہاؤ پر کنٹرول کے سلسلے کا حصہ ہے۔ اس سے قبل بھی پاکستان سے تعلق رکھنے والے کئی یوٹیوب چینلز بھارت میں بلاک کیے جا چکے ہیں۔
تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ ان پابندیوں سے نہ صرف فنکاروں اور مداحوں کے درمیان رابطے متاثر ہو رہے ہیں بلکہ یہ ثقافت اور فن کے میدان میں نرم سفارت کاری کو بھی نقصان پہنچا رہے ہیں۔