Wed, September 16, 2026

"جنگ چھیڑنا شیر سے کھیلنے جیسا ہے، انتقام لیا جائے گا":ایرانی صدر کا اسرائیلی حملوں پر شدید ردعمل


تہران :ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے اسرائیل کے حالیہ حملوں پر شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے "بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی" قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ "ایران کے ساتھ جنگ چھیڑنا شیر سے کھیلنے کے مترادف ہے، اور اس کے نتائج اسرائیل کو بھگتنا ہوں گے۔"

اپنے سرکاری بیان میں ایرانی صدر نے کہا کہ اسرائیل نے ایرانی سرزمین پر بزدلانہ حملہ کیا، جس میں فوجی کمانڈر، سائنسدان اور عام شہری شہید ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حملہ عالمی برادری کے اصولوں کی صریح توہین ہے اور اقوام متحدہ کی خاموشی لمحۂ فکریہ ہے۔

صدر پزشکیان نے کہا کہ ایران ایک پُرامن ملک ہے جس نے دو سو سال میں کسی جنگ کی شروعات نہیں کی، تاہم دفاع اور انتقام اس کا بنیادی حق ہے۔ "ہم نے کبھی وطن کے دفاع میں ہچکچاہٹ نہیں دکھائی، اور آئندہ بھی نہیں دکھائیں گے۔"

انہوں نے مزید کہا کہ ایران عالمی سطح پر اپنی سالمیت، خودمختاری اور عوام کے تحفظ کا دفاع کرے گا، لیکن یہ دفاع صرف بیانات تک محدود نہیں رہے گا۔ "ہم عالمی اداروں کی جانب نہیں دیکھ رہے، کیونکہ انتقام کا وقت قریب آ چکا ہے۔"

صدر نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا کہ ایران نے جنگ کا آغاز نہیں کیا، لیکن تاریخ یہ گواہی دے گی کہ اس کا انجام ایران نے اپنے ہاتھ سے لکھا — ایک مضبوط، منظم اور فیصلہ کن جواب کی صورت میں۔

ٹیگز: