Wed, September 16, 2026

دوسروں کو خوش رکھنے کے لیے غلط فیصلے کیے: نادیہ خان

دوسروں کو خوش رکھنے کے لیے غلط فیصلے کیے: نادیہ خان

لاہور : پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ، میزبان اور کانٹینٹ کریئیٹر نادیہ خان نے فیملی پلاننگ، شادی اور بچوں سے متعلق اپنے ذاتی تجربات شیئر کرتے ہوئے اہم گفتگو کی۔

نادیہ خان نے بتایا کہ انہوں نے اپنی پہلی بیٹی کی پیدائش کا فیصلہ اس وقت کیا جب وہ خود کو بہت تنہا محسوس کرتی تھیں۔ ان کے بقول، انہیں اپنی زندگی میں کسی ایسے رشتے کی ضرورت تھی جو انہیں بے لوث محبت دے، اسی احساس نے انہیں ماں بننے کی جانب راغب کیا۔

انہوں نے کہا کہ ان کے دور میں یہ سوچ عام تھی کہ اگر ازدواجی زندگی میں مسائل ہوں تو بچے پیدا کرنے سے رشتہ مضبوط ہو جاتا ہے۔ اسی وجہ سے بہت سی خواتین ناخوشگوار شادیوں کے باوجود صرف خاندان یا معاشرے کی توقعات پوری کرنے کے لیے بچوں کی منصوبہ بندی کرتی تھیں۔

نادیہ خان کا کہنا تھا کہ وقت کے ساتھ انہیں احساس ہوا کہ "بچے شادی بچانے کے لیے نہیں ہونے چاہییں" اور ایسی سوچ درست نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کی نسل نے دوسروں کو خوش رکھنے کے لیے اپنی خواہشات اور ذہنی سکون کو نظر انداز کیا، جسے وہ آج ایک غلط طرزِ فکر سمجھتی ہیں۔

واضح رہے کہ نادیہ خان اپنے پہلے شوہر سے دو بچوں، علیزے اور اذان، کی والدہ ہیں، جبکہ بعد ازاں انہوں نے کیان نامی ایک بچے کو گود لیا، جسے وہ اپنی زندگی کا اہم حصہ قرار دیتی ہیں۔

ٹیگز: