Wed, September 16, 2026

پی ٹی آئی نے کراچی میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کی، 9 مئی جیسے واقعات دہرانے کا منصوبہ تھا: سندھ حکومت

پی ٹی آئی نے کراچی میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کی، 9 مئی جیسے واقعات دہرانے کا منصوبہ تھا: سندھ حکومت

کراچی :سندھ حکومت نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) نے کراچی میں حالات خراب کرنے اور 9 مئی جیسے واقعات دہرانے کی کوشش کی، تاہم حکومت کی بروقت حکمتِ عملی اور تحمل کے باعث شہر کو بڑی بدامنی سے بچا لیا گیا۔

سندھ کے سینئر وزیر نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ پی ٹی آئی نے قانون کو ہاتھ میں لینے اور انتشار پھیلانے کی ہر ممکن کوشش کی۔ ان کے مطابق سہیل آفریدی کی جانب سے دی گئی یقین دہانیوں کی خلاف ورزی کی گئی اور حکومت کی سنجیدگی اور شرافت کا ناجائز فائدہ اٹھایا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ احتجاج کے دوران پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ کیا گیا جبکہ صحافیوں کی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا گیا، جو جمہوری روایات اور آزادیٔ صحافت کے منافی عمل ہے۔ سینئر وزیر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی قومی دھارے میں آ کر مثبت سیاست کرنے کے بجائے نفرت اور انتشار کی سیاست کو فروغ دے رہی ہے۔

سندھ حکومت کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے دورۂ کراچی سے قبل سیکیورٹی خدشات اور تھریٹ موصول ہوئے تھے، تاہم سیاسی ماحول کو کشیدہ ہونے سے بچانے کے لیے جان بوجھ کر اس معاملے کو منظرِ عام پر نہیں لایا گیا۔

انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ 8 فروری کو کراچی میں پہیہ جام ہڑتال کسی صورت نہیں ہونے دی جائے گی اور شہر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل طور پر تیار ہیں۔

ٹیگز: