اسلام آباد : پاکستان اور متحدہ عرب امارات نے اپنے دوستانہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے ہم آہنگی بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ بات وزیراعظم شہباز شریف اور یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کے درمیان ٹیلیفونک رابطے کے دوران سامنے آئی، جس کا تفصیلی ذکر وزیراعظم آفس نے جاری کیے گئے بیان میں کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے حالیہ دوروں اور ملاقاتوں کو مثبت اور خوش آئند قرار دیا۔ خاص طور پر یو اے ای صدر کے اسلام آباد کے دورے اور رحیم یار خان میں پرتپاک استقبال کو سراہا گیا۔
وزیراعظم نے مشکل حالات میں امارات کی جانب سے تعاون کو قابلِ ستائش قرار دیا اور دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ اور بھائی چارے پر مبنی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
بیان کے مطابق رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور اتفاق کیا کہ مستقبل میں بھی دونوں ممالک کے درمیان مستقل رابطے برقرار رہیں گے تاکہ تعاون کے نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔