باکو: پاکستان اور ترکیہ نے باہمی دلچسپی کے مختلف علاقائی اور عالمی مسائل پر اپنی ہم آہنگی کو مزید مستحکم کرنے اور خطے کے ساتھ وسیع مسلم دنیا میں امن، استحکام اور خوشحالی کو فروغ دینے کے لیے اپنی مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
یہ بات آج بیکو میں آذربائیجان کے یومِ فتح کی پریڈ کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان کی ملاقات میں سامنے آئی، جس میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر بھی شریک تھے۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ترکیہ کے مابین دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ باہمی مفاد کے شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان "دوستی کے ہفتے" کی پرجوش تقریبات کی تعریف کی، جس سے دونوں ممالک کے مضبوط اور دیرینہ تعلقات کا پتہ چلتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ترکیہ کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو ایک وسیع تر اور ہمہ جہت شراکت داری میں بدلنے کے لیے پرعزم ہے، جس میں سیاست، دفاع، معیشت، تجارت، سرمایہ کاری اور عوامی سطح پر روابط شامل ہوں گے۔