Wed, September 16, 2026

ریڈیو پاکستان 26 مختلف زبانوں میں نشریات فراہم کر کےمختلف علاقوں اور ثقافتوں کو جوڑ رہا ہے ، صدر مملکت

 ریڈیو پاکستان 26 مختلف زبانوں میں نشریات فراہم کر کےمختلف علاقوں اور ثقافتوں کو جوڑ رہا ہے ، صدر مملکت

اسلام آباد : عالمی یومِ ریڈیو کے موقع پر صدر آصف علی زرداری نے ریڈیو سے وابستہ تمام پیشہ ور افراد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ریڈیو آج بھی اعتماد، شمولیت اور سماجی ہم آہنگی کا ایک طاقتور ذریعہ ہے۔

اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ حالانکہ ڈیجیٹل دور میں میڈیا کی ترقی بہت تیز ہو چکی ہے، لیکن ریڈیو کی اہمیت آج بھی قائم ہے اور یہ عوام تک درست اور قابلِ اعتماد معلومات پہنچانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

صدر نے یہ بھی کہا کہ ریڈیو پاکستان 26 مختلف زبانوں میں نشریات فراہم کر کے پورے ملک کے مختلف علاقوں اور ثقافتوں کو جوڑ رہا ہے۔ یہ نہ صرف قومی یکجہتی کا ذریعہ ہے بلکہ عوامی خدمت اور معتبر معلومات کا نشان بھی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ریڈیو اور مصنوعی ذہانت کا ملاپ مستقبل میں نئے امکانات کی طرف رہنمائی کر سکتا ہے، اور اگر نئی ٹیکنالوجیز کا ذمہ داری سے استعمال کیا جائے تو ریڈیو مزید مضبوط اور مؤثر بن سکتا ہے۔

صدر زرداری نے نوجوانوں میں ریڈیو کی مقبولیت میں اضافے کو اس بات کا ثبوت قرار دیا کہ یہ میڈیم نہ صرف ثقافتی اظہار کا بہترین ذریعہ ہے بلکہ یہ قومی مکالمے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔آخر میں، انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ حکومت ریڈیو کے فروغ اور اس سے وابستہ افراد کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی تمام تر کوششیں جاری رکھے گی۔

ٹیگز: