اسلام آباد: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے دفتر خارجہ میں مینا بازار کا افتتاح کیا، جہاں مختلف ممالک کی ثقافتوں کی جھلکیاں دیکھنے کو ملیں۔ اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا کہ گزشتہ سال بھی مینا بازار کا انعقاد کیا گیا تھا، اور اس سال اس کا انعقاد ایک اور قابل ستائش اقدام ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مینا بازار مختلف ثقافتوں کو ایک جگہ جمع کرنے کا ایک اچھا موقع ہے، جہاں مختلف ممالک کے سٹالز پاکستان کے ساتھ ان کے تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہیں۔ اس بازار میں آ کر ہمیں مختلف ممالک کی ثقافتوں کو سمجھنے اور جاننے کا موقع ملتا ہے۔
نائب وزیراعظم نے فارن آفس ویمن ایسوسی ایشن کی سماجی فلاح و بہبود کے لیے کی جانے والی خدمات کی تعریف بھی کی، اور کہا کہ حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔اسحاق ڈار نے مینا بازار میں مختلف سٹالز کا دورہ کیا اور وہاں موجود ثقافتی نمائشوں کو دیکھا۔ اس موقع پر سیکرٹری خارجہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔