Wed, September 16, 2026

اٹلی: لامپیدوسا کے نزدیک تارکین وطن کی کشتی ڈوب گئی، کم از کم 20 ہلاک

اٹلی: لامپیدوسا کے نزدیک تارکین وطن کی کشتی ڈوب گئی، کم از کم 20 ہلاک

روم: اقوام متحدہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ اٹلی کے جزیرے لامپیدوسا کے قریب تارکین وطن کو لے جانے والی کشتی حادثے کا شکار ہو گئی ہے، جس میں تقریباً سو افراد سوار تھے۔ اس حادثے میں کم از کم 20 افراد جان بحق ہو گئے ہیں۔

رائٹرز کے مطابق اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزین (یو این ایچ سی آر) اور مقامی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ کشتی کے الٹ جانے سے 20 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ 70 سے 80 افراد کو محفوظ نکالا گیا ہے۔

یو این ایچ سی آر کے ترجمان فلیپو اونگارو نے کہا ہے کہ کچھ لوگ سمندر میں لاپتا ہو سکتے ہیں اور ان کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بچ جانے والے افراد کو لامپیدوسا کے ایک مرکز میں منتقل کیا گیا ہے۔

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق، حادثے سے بچ جانے والے افراد نے بتایا کہ کشتی پر لیبیا سے روانگی کے وقت 92 سے 97 افراد سوار تھے۔

یو این ایچ سی آر کے مطابق، اس سال وسطی بحیرہ روم کے خطرناک راستے سے گزرنے کی کوشش میں 675 سے زائد تارکین وطن ہلاک ہو چکے ہیں۔

ٹیگز: