Wed, September 16, 2026

پاپ موسیقی کی ملکہ نازیہ حسن کو مداحوں سے بچھڑے 25 برس ہوگئے

 پاپ موسیقی کی ملکہ نازیہ حسن کو مداحوں سے بچھڑے 25 برس ہوگئے

لاہور : پاکستان کی پاپ موسیقی کی ملکہ نازیہ حسن کو مداحوں سے جدا ہوئے 25 سال گزر گئے ہیں۔ وہ 3 اپریل 1965 کو کراچی میں پیدا ہوئیں اور کم عمری میں ہی شہرت کی بلندیوں تک پہنچ گئیں۔ نازیہ کی آواز کا جادو تب چلا جب انہوں نے 15 سال کی عمر میں "آپ جیسا کوئی" جیسے لازوال گانے گائے، جو نہ صرف پاکستان بلکہ بھارت اور دنیا بھر میں مشہور ہوگئے۔

نازیہ نے اپنے بھائی زوہیب حسن کے ساتھ مل کر پاکستانی موسیقی میں نئی روشنی ڈالی۔ ان کے مشہور گانوں میں "ڈسکو دیوانے"، "بوم بوم" اور "آنکھیں ملانے والے" آج بھی لوگوں کی زبان پر ہیں۔ ان کے گانے صرف اردو میں ہی نہیں، بلکہ انگریزی میں بھی کامیاب رہے، جیسے "ڈریمردیوانے"۔ ان کے ساڑھے چھ کروڑ سے زائد ریکارڈز فروخت ہوئے اور انہیں کئی اہم ایوارڈز بھی ملے۔

نازیہ کی زندگی بہت مختصر تھی، لیکن ان کی موسیقی کا اثر ہمیشہ زندہ رہے گا۔ 13 اگست 2000 کو وہ 35 برس کی عمر میں لندن میں لنگز کینسر کے باعث دنیا سے رخصت ہو گئیں۔ ان کی وفات کے 25 برس بعد بھی ان کی موسیقی اور آواز دلوں میں زندہ ہے، اور ان کی یاد ہمیشہ تازہ رہے گی۔

ٹیگز: