کراچی : مایہ ناز پاپ سنگر نازیہ حسن کی والدہ منزہ حسن طویل بیماری کے بعد انتقال کر گئیں۔ یہ افسوسناک خبر نازیہ حسن کے بھائی اور معروف گلوکار زوہیب حسن نے اپنے انسٹاگرام پر دی۔
زوہیب حسن نے اپنی پوسٹ میں اپنی والدہ، نازیہ حسن اور والد کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ان کی والدہ ان کی زندگی کی سب سے بڑی محبت اور رہنما تھیں، جو اب اس دنیا سے رخصت ہو گئی ہیں۔ منزہ حسن کافی عرصے سے دماغی بیماری (ڈیمنشیا) میں مبتلا تھیں اور ان کی دیکھ بھال زوہیب خود کرتے رہے۔
نازیہ حسن 3 اپریل 1965 کو کراچی میں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے صرف 10 سال کی عمر میں بطور چائلڈ آرٹسٹ پاکستان ٹی وی کے پروگرام "سنگ سنگ" سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور ایشیا کی پاپ میوزک کی ملکہ بن گئیں۔ نازیہ حسن کا انگریزی گانا "ڈریمر دیوانے" برطانیہ کے میوزک چارٹس میں شامل ہونے والا پہلا پاکستانی گانا تھا۔
نازیہ حسن کا 13 اگست 2000 کو کینسر کی وجہ سے انتقال ہوا تھا، وہ صرف 35 سال کی تھیں۔ ان کے والد مئی 2020 میں دنیا سے رخصت ہو چکے ہیں۔