ایک مثالی ریاست کا خواب، نظم، احتساب، سادگی اور فلاح کا ہمہ گیر منشور میرا شروع سے خواب رہا ہے مگر قومیں خوابوں سے نہیں، اصولوں سے بنتی ہیں اور اصول صرف کتابوں میں نہیں بلکہ عمل میں زندہ رہتے ہیں۔ میرے پیش کردہ نکات دراصل ایک ایسے معاشرے کا مکمل خاکہ ہیں جہاں ریاست اور شہری ایک دوسرے کے مدمقابل نہیں بلکہ ایک ہی کشتی کے مسافر ہوں۔ یہ تصور محض اصلاحات کا مجموعہ نہیں بلکہ ایک فکری انقلاب ہے، جس کا مقصد ایک باوقار، خوددار، منصف اور صحت مند قوم کی تشکیل ہے۔سب سے پہلی اینٹ علم کی ہے۔ اگر ہر فرد روزانہ ایک گھنٹہ کسی نہ کسی کتاب کا مطالعہ کرے تو یہ عمل رفتہ رفتہ ایک فکری تحریک بن سکتا ہے۔ مطالعہ انسان کو سوال کرنے، دلیل دینے اور برداشت کرنے کا سلیقہ سکھاتا ہے۔ ایک پڑھا لکھا معاشرہ نعروں سے نہیں، شعور سے چلتا ہے۔ جب عوام باخبر ہوں گے تو آسانی سے گمراہ ہوں گے اور نہ ہی کوئی حکمران انہیں دھوکہ دے سکے گا۔
اسی تسلسل میں اگر ہم سرکاری نظام کو دیکھیں تو یہاں سادگی اور احتساب بنیادی اصول ہونے چاہئیں۔ گریڈ سترہ سے اوپر کے افسران کو غیر ضروری مراعات، پروٹوکول، بڑی گاڑیاں اور سرکاری وسائل کے بے جا استعمال سے محروم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ جب ایک افسر اور ایک عام شہری کے طرزِ زندگی میں زمین آسمان کا فرق ہو تو وہاں احساسِ محرومی جنم لیتا ہے۔ چھوٹی گاڑی، محدود سہولتیں اور سادہ طرزِ زندگی نہ صرف اخراجات کم کرے گا بلکہ ایک اخلاقی مثال بھی قائم کرے گا۔
مزید یہ کہ ہر سرکاری ملازم کے لیے سالانہ بنیادوں پر اثاثہ جات کی مکمل تفصیل جمع کرانا لازم ہو، اور اس کا آزادانہ آڈٹ ہو۔ اگر کسی کے اثاثے اس کی آمدن سے زیادہ ہوں تو فوری تحقیقات ہوں اور بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ احتساب اگر صرف کمزور کے لیے ہو تو وہ انتقام بن جاتا ہے، لیکن اگر طاقتور بھی اس کے دائرے میں آئے تو وہی احتساب انصاف کہلاتا ہے۔جسمانی اور ذہنی صحت کے لیے شام پانچ سے سات بجے تک انٹرنیٹ کی بندش اور لوگوں کا کھیل کے میدانوں کی طرف رخ ایک انقلابی سوچ ہے۔ آج کی نسل موبائل اور سوشل میڈیا کی اسیر بن چکی ہے۔ اگر انہیں وقتی طور پر اس ڈیجیٹل دنیا سے نکال کر حقیقی دنیا میں لایا جائے تو نہ صرف صحت بہتر ہوگی بلکہ سماجی ہم آہنگی بھی فروغ پائے گی۔ پارک، گراﺅنڈ اور کھیلوں کے مراکز ہر محلے میں ہونا چاہئیں تاکہ لوگ بآسانی وہاں جا سکیں۔ ٹرانسپورٹ کے حوالے سے قریبی فاصلوں کے لیے پیدل چلنے یا سائیکل کے استعمال کو فروغ دینا نہایت مفید ہے۔ اس سے نہ صرف ایندھن کی بچت ہوگی بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں بھی کمی آئے گی۔ دس کلومیٹر سے زیادہ فاصلے کے لیے موٹر سائیکل کا استعمال ایک درمیانی اور سستا حل ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پبلک ٹرانسپورٹ کو بھی جدید، سستا اور قابلِ اعتماد بنانا ضروری ہے تاکہ لوگ ذاتی گاڑیوں کے بجائے اجتماعی سفری نظام کو ترجیح دیں۔قانون اور انصاف کا نظام کسی بھی ریاست کی ریڑھ کی ہڈی ہوتا ہے۔ چوری، رشوت اور کرپشن کے لیے سخت سزائیں اور ان پر بلاامتیاز عمل درآمد ہی وہ راستہ ہے جو قوموں کو تباہی سے بچاتا ہے۔ اگر ایک چور کو فوری اور یقینی سزا ملے تو سو لوگ جرم کرنے سے پہلے سوچیں گے۔ اسی طرح رشوت لینے اور دینے والے دونوں کے لیے یکساں سختی ضروری ہے۔ قانون کا احترام تبھی پیدا ہوتا ہے جب قانون سب کے لیے برابر ہوچاہے وہ ایک عام مزدور ہو یا ایک بااثر شخصیت۔ججوں، جرنیلوں اور دیگر اعلیٰ عہدیداران کو بھی سادہ زندگی اور محدود مراعات کا پابند بنانا ایک جرا¿ت مندانہ مگر ضروری قدم ہے۔ جب طاقتور طبقہ خود کو قانون سے بالا تر سمجھنے لگے تو انصاف کا تصور ختم ہو جاتا ہے۔ ایک مثالی ریاست میں کوئی بھی فرد، چاہے وہ کتنا ہی بااختیار کیوں نہ ہو، قانون سے بالاتر نہیں ہوتا۔آبادی پر کنٹرول ایک ایسا مسئلہ ہے جسے نظر انداز کرنا خودکشی کے مترادف ہے۔ وسائل محدود ہیں اور آبادی میں بے تحاشا اضافہ ان وسائل پر ناقابلِ برداشت دباﺅ ڈال دیتا ہے۔ دو یا تین بچوں کی پالیسی، ساتھ ہی تعلیم اور شعور کی مہم، اس مسئلے کا متوازن حل ہو سکتی ہے۔ اس کے ساتھ خواتین کی تعلیم اور معاشی خودمختاری کو بھی فروغ دینا ضروری ہے، کیونکہ تعلیم یافتہ عورت ہی بہتر فیصلے کرتی ہے۔تعلیم اور صحت کے شعبوں میں مفادات کے ٹکرا کو ختم کرنا نہایت اہم ہے۔ سرکاری اساتذہ کا نجی اکیڈمیاں چلانا اور ڈاکٹروں کا پرائیویٹ کلینک کھولنا دراصل سرکاری نظام کو کمزور کرتا ہے۔ اگر یہ دروازے بند کر دیئے جائیں تو سرکاری اداروں کی کارکردگی میں واضح بہتری آ سکتی ہے۔ ساتھ ہی اساتذہ اور ڈاکٹروں کی تنخواہیں اور سہولتیں اس معیار کی ہونی چاہئیں کہ وہ بدعنوانی کی طرف مائل نہ ہوں۔سیاست کو کاروبار بننے سے روکنا بھی ایک بنیادی شرط ہے۔ اگر سیاستدان کے پاس جائیداد، کاروبار یا مالی مفادات ہوں گے تو وہ عوامی خدمت کے بجائے ذاتی مفاد کو ترجیح دے گا۔ سیاست کو خالصتاً خدمت کا میدان بنانے کے لیے مالی شفافیت اور سخت قوانین ضروری ہیں۔
معیشت کے حوالے سے ہر کمانے والے پر ٹیکس لازم ہونا چاہیے، مگر ٹیکس کی شرح کم رکھی جائے تاکہ لوگ اسے بوجھ نہ سمجھیں۔ جب ٹیکس کا نظام آسان، شفاف اور منصفانہ ہوگا تو لوگ خود بخود اس میں شامل ہوں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ ٹیکس چوری کے لیے سخت سزائیں بھی ضروری ہیں۔
میڈیا اور سوشل میڈیا کو مکمل آزادی کے نام پر بے لگام چھوڑ دینا بھی نقصان دہ ہے۔ جھوٹی خبریں، سنسنی خیزی اور غیر ذمہ دارانہ صحافت معاشرے کو تقسیم کرتی ہے۔ ایک ذمہ دار میڈیا پالیسی کے تحت مثبت، تعمیری اور سچ پر مبنی مواد کو فروغ دینا چاہیے، جبکہ فتنہ انگیز مواد پر سختی سے قابو پایا جائے۔زرعی زمینوں کو ہاﺅسنگ سوسائٹیز میں تبدیل کرنا دراصل اپنی جڑیں کاٹنے کے مترادف ہے۔ زراعت کسی بھی ملک کی معیشت کی بنیاد ہوتی ہے۔ اگر زمینیں ختم ہو جائیں گی تو خوراک کہاں سے آئے گی؟ اس لیے زرعی زمینوں کے تحفظ کے لیے سخت قوانین اور ان پر عمل درآمد ضروری ہے۔ کسانوں کو بھی مختلف فصلیں اگانے کی ترغیب دی جائے تاکہ ایک ہی فصل پر انحصار نہ ہو۔نئے شہروں کی تعمیر اور وہاں تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی ایک طویل المدتی حل ہے۔ اگر چھوٹے شہروں اور دیہات میں تعلیم، صحت، روزگار اور تفریح کی سہولیات میسر ہوں تو لوگ بڑے شہروں کی طرف ہجرت نہیں کریں گے۔ اس سے شہری دباﺅ کم ہوگا اور متوازن ترقی ممکن ہو سکے گی۔مزید برآں، پولیس نظام کی اصلاح، عدالتی مقدمات کے فوری فیصلے، بلدیاتی نظام کو مضبوط بنانا، نوجوانوں کے لیے ہنر مندی کے ادارے قائم کرنا اور ماحولیات کے تحفظ کے لیے سخت اقدامات بھی اس منشور کا حصہ ہونے چاہئیں۔ پانی کی قلت، فضائی آلودگی اور ماحولیاتی تباہی ایسے مسائل ہیں جنہیں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
آخر میں سب سے اہم بات یہ ہے کہ یہ تمام اصلاحات صرف قوانین بنانے سے نہیں بلکہ ان پر عمل درآمد سے ممکن ہوں گی۔ ریاست اور عوام دونوں کو اپنی اپنی ذمہ داریاں ادا کرنی ہوں گی۔ اگر حکمران دیانت دار ہوں اور عوام ذمہ دار، تو کوئی وجہ نہیں کہ یہ خواب حقیقت میں نہ بدلے۔یہ راستہ مشکل ضرور ہے، مگر ناممکن نہیں۔ شرط صرف یہ ہے کہ ہم نیت، دیانت اور مسلسل جدوجہد کے ساتھ اس سمت میں قدم بڑھائیں۔ یہی وہ راستہ ہے جو ایک کمزور معاشرے کو ایک مضبوط، خوددار اور مثالی ریاست میں تبدیل کر سکتا ہے۔