Wed, September 16, 2026

چائنا تھری گورجز اور پاکستانی توانائی کی نئی سمت

چائنا تھری گورجز اور پاکستانی توانائی کی نئی سمت

 چائنہ تھری گارجز اپنی بنیاد میں انجینئرنگ کی مہارت، مالی استحکام اور منظم حکمتِ عملی کا ایک منفرد امتزاج رکھتا ہے۔ دیگر توانائی کے اداروں کے برعکس، یہ کارپوریشن توانائی کے پورے سلسلے میں کام کرتی ہے—یعنی ابتدائی فزیبلٹی سٹڈیز، ماحولیاتی اثرات کا جائزہ، مالیاتی بندوبست، تعمیر، گرڈ سے منسلک کرنا اور طویل المدتی آپریشنز تک۔ اس جامع ماڈل کی بدولت چائنہ تھری گارجز نہ صرف خطرات کو بہتر انداز میں سنبھال سکتا ہے بلکہ منصوبوں کے معیار اور وقت کی پابندی کو بھی یقینی بناتا ہے، جو بڑے پیمانے کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کے لیے انتہائی اہم ہیں۔
اس ادارے کی انجینئرنگ مہارت کا بنیادی ذریعہ اسکا ہائیڈرو پاور سسٹم میں وسیع تجربہ ہے۔ چائنہ تھری گورجز ڈیم دنیا کا سب سے بڑا پن بجلی گھر ہے جسکی پیداواری صلاحیت 22,500 میگاواٹ سے زائد ہے۔ اس منصوبے کی تعمیر انتہائی مشکل ارضیاتی اور ہائیڈرو لوجیکل حالات میں کی گئی جس کیلئے ٹربائن ڈیزائن، سیلابی کنٹرول اور تلچھٹ کے انتظام میں نئی جدتیں متعارف کرائی گئیں۔ اس عظیم منصوبے سے حاصل ہونے والے تجربات کو چائنہ تھری گارجز نے اپنے عالمی منصوبوں میں بھی استعمال کیا، جس نے اسے پیچیدہ اور جدید انجینئرنگ منصوبوں میں برتری فراہم کی۔ چائنہ تھری گارجز کا عالمی سفر پاکستان میں اسکے پہلے بیرون منصوبے سے شروع ہوا، جسے تھری گورجز فرسٹ ونڈ پاور پروجیکٹ کہا جاتا ہے۔ یہ منصوبہ نہ صرف اس کمپنی کی پہلی بین الاقوامی سرمایہ کاری تھا بلکہ پاکستان میں کسی چینی ادارے کا پہلا ونڈ انرجی منصوبہ بھی تھا۔ اس منصوبے کی پیداواری صلاحیت تقریباً 49۔5 میگاواٹ ہے، اور یہ 2014 میں وقت سے پہلے مکمل ہو کر آپریشنل ہوا۔ یہ منصوبہ اس بات کا ثبوت ہے کہ چائنہ تھری گارجز مختلف ممالک کے ماحول اور حالات کے مطابق خود کو ڈھالنے کی صلاحیت رکھتی ہے، اور اس نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت اپنی توسیع کا آغاز کیا۔
موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر، دنیا کاربن اخراج کم کرنے اور فوسل فیول پر انحصار کم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ چائنہ تھری گارجز کا متنوع پورٹ فولیو—جس میں پن بجلی، ہوا، شمسی اور ہائبرڈ توانائی شامل ہے—اسے اس تبدیلی میں ایک مثالی شراکت دار بناتا ہے۔ یہ کمپنی ماحولیاتی اصولوں کی سختی سے پابندی کرتی ہے اور اپنے منصوبوں میں جنگلی حیات کے تحفظ، آبادکاری اور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ کو شامل کرتی ہے۔
پاکستان چائنہ تھری گارجز کی عالمی حکمتِ عملی کا ایک اہم مرکز بن چکا ہے۔ پاکستان طویل عرصے سے توانائی کے بحران کا شکار رہا ہے، جس نے صنعتی ترقی اور معاشی استحکام کو متاثر کیا ہے۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے آغاز کے ساتھ توانائی کے شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے ایک سازگار ماحول پیدا ہوا، اور سی ٹی جی نے اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھایا۔ اس نے پاکستان میں ایک مقامی سرمایہ کاری پلیٹ فارم قائم کیا، جس سے مقامی اداروں کے ساتھ ہم آہنگی اور قانونی و انتظامی مسائل کو بہتر انداز میں حل کیا جا سکا۔
پن بجلی کے شعبے میں سی ٹی جی کی سب سے بڑی سرمایہ کاری کروٹ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ ہے، جس کی پیداواری صلاحیت تقریباً 720 میگاواٹ ہے۔ یہ دریائے جہلم پر واقع سی پیک کے تحت ایک اہم منصوبہ ہے۔ اس میں رولر کمپیکٹڈ کنکریٹ ڈیم اور اعلیٰ کارکردگی والی ٹربائنز جیسی جدید ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے۔ یہ منصوبہ قومی گرڈ کو مستحکم اور سستی بجلی فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
مجموعی طور پر سی ٹی جی کے پاکستان میں جاری اور مکمل شدہ منصوبوں کی صلاحیت 2600 میگاواٹ سے زائد ہے، جو اسے پاکستان کے توانائی کے شعبے میں سب سے بڑے غیر ملکی سرمایہ کاروں میں شامل کرتی ہے۔ ان منصوبوں سے پیدا ہونے والی بجلی لاکھوں گھروں کی ضروریات پوری کررہی ہے، لوڈ شیڈنگ میں کمی لا رہی ہے اور صنعتی ترقی کو فروغ دے رہی ہے۔ ہوا سے پیدا ہونے والی بجلی سالانہ سیکڑوں گیگا واٹ آورز پیدا کرتی ہے، جبکہ پن بجلی کے منصوبے بیس لوڈ کی فراہمی کو یقینی بناتے ہیں۔ سی ٹی جی کے منصوبوں کے سماجی و معاشی اثرات بھی نہایت اہم ہیں۔ تعمیراتی مرحلے میں یہ منصوبے ہزاروں افراد کیلئے روزگار کے مواقع پیدا کر رہے ہیں۔
طویل مدت میں یہ بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں مدد دے رہے ہیں، جیسے سڑکیں، ٹرانسمیشن لائنز اور کمیونٹی سہولیات۔ اس کے علاوہ سی ٹی جی تعلیم، صحت اور پیشہ ورانہ تربیت جیسے شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کرتی ہے، جس سے مقامی کمیونٹیز کی زندگیوں میں بہتری آتی ہے۔ انجینئرنگ کے نقطہ نظر سے سی ٹی جی سخت معیارات کی پابندی کرتی ہے، جس میں کارکردگی، بھروسے اور پائیداری کو ترجیح دی جاتی ہے۔ جدید ٹربائنز، ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم اور پیشگی دیکھ بھال کی ٹیکنالوجی کے استعمال سے یہ کمپنی اپنے منصوبوں کی کارکردگی کو بہتر بناتی ہے۔ بین الاقوامی حفاظتی اور ماحولیاتی معیارات کی پابندی اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ منصوبے نہ صرف مو¿ثر بلکہ سماجی طور پر ذمہ دار بھی ہوں۔
چائنا تھری گورجز کارپوریشن جدید انجینئرنگ کی کامیابی اور عالمی توسیع کی ایک روشن مثال ہے۔ اسکا سفر دنیا کے سب سے بڑے ڈیم کی تعمیر سے شروع ہو کر عالمی توانائی منڈی میں ایک مضبوط قوت بننے تک پھیلا ہوا ہے۔ پاکستان میں اس کی خدمات ظاہر کرتی ہیں کہ کس طرح بین الاقوامی تعاون، انجینئرنگ مہارت اور مالیاتی جدت کے ذریعے ترقیاتی چیلنجز پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ جیسے جیسے دنیا پائیدار مستقبل کی طرف بڑھ رہی ہے، سی ٹی جی کا کردار مزید اہم ہوتا جائے گا اور یہ عالمی معیشت اور ماحولیات کی سمت متعین کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

ٹیگز: