Wed, September 16, 2026

سولر وہیلنگ پالیسی: پاکستان میں توانائی کے مستقبل کی نئی سمت کا تعین

سولر وہیلنگ پالیسی: پاکستان میں توانائی کے مستقبل کی نئی سمت کا تعین

پاکستان ایک ایسے اہم موڑ پر کھڑا ہے جہاں بڑھتی ہوئی توانائی کی ضروریات، مہنگی بجلی، درآمدی ایندھن پر انحصار اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز نئی اور مو¿ثر حکمت عملیوں کا تقاضا کر رہے ہیں۔ ایسے حالات میں حکومت کی جانب سے متعارف کرائی جانے والی سولر وہیلنگ پالیسی توانائی کے شعبے میں ایک انقلابی قدم ثابت ہو سکتی ہے۔ یہ پالیسی نہ صرف قابل تجدید توانائی کے فروغ میں معاون ہوگی بلکہ صنعتی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور معاشی استحکام کے لیے بھی نئی راہیں متعین کرے گی۔
وہیلنگ دراصل بجلی کی ترسیل کا ایک ایسا نظام ہے جس کے تحت کسی ایک مقام پر پیدا کی گئی بجلی کو قومی گرڈ کے ذریعے کسی دوسرے مقام پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔ مثال کے طور پر اگر کوئی صنعت کار یا ادارہ کسی دور دراز علاقے میں شمسی توانائی کا منصوبہ نصب کرتا ہے تو وہ اس سے پیدا ہونے والی بجلی کو اپنی فیکٹری، دفتر یا دیگر تنصیبات تک قومی گرڈ کے ذریعے منتقل کر سکے گا۔ اس سہولت کے عوض قومی گرڈ کے استعمال کی مد میں ایک مقررہ فیس ادا کی جاتی ہے جسے وہیلنگ چارجز کہا جاتا ہے۔
پاکستان قدرتی طور پر شمسی توانائی کے بے پناہ وسائل سے مالا مال ہے۔ ماہرین کے مطابق ملک پاکستان کے بیشتر علاقوں میں پورے سال میں دن کے وقت 80 فیصد سے زائد سورج کی روشنی میسر ہے، جو شمسی توانائی کی پیداوار کے لیے انتہائی موزوں ہے۔ گزشتہ چند برسوں کے دوران سولر پینلز کی قیمتوں میں نمایاں کمی اور بجلی کے نرخوں میں مسلسل اضافے نے شمسی توانائی کو ایک پ±رکشش اور قابل عمل متبادل بنا دیا ہے۔ تاہم شہری علاقوں میں زمین کی قلت اور صنعتی مراکز میں مناسب جگہ کی عدم دستیابی کے باعث بڑے پیمانے پر سولر منصوبوں کی تنصیب محدود رہی ہے۔ سولر وہیلنگ پالیسی اس بڑی رکاوٹ کو بھی دور کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
اس پالیسی کے نتیجے میں صنعتوں کو نسبتاً سستی اور پائیدار بجلی میسر آنے کی توقع ہے۔ توانائی کی لاگت کسی بھی صنعت کی پیداواری لاگت کا ایک اہم جزو ہوتی ہے۔ اگر صنعتوں کو کم قیمت پر شمسی توانائی دستیاب ہو جائے تو کم لاگت کے باعث ان کی مصنوعات عالمی منڈی میں کم ریٹس پر زیادہ فروخت ہوں گی۔ اس سے نہ صرف برآمدات میں اضافہ ہوگا بلکہ روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور ملکی معیشت کو بھی مضبوط بنیادیں میسر آئیں گی۔
سولر وہیلنگ پالیسی کا ایک اور اہم پہلو ماحولیاتی تحفظ ہے۔ پاکستان ا±ن ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے شدید متاثر ہو رہے ہیں، حالانکہ عالمی کاربن اخراج میں اس کا حصہ نہایت کم ہے۔ توانائی کے متبادل سولر انرجی کے استعمال میں اضافے سے درآمدی تیل، گیس اور کوئلے پر انحصار کم ہوگا، فضائی آلودگی میں کمی آئے گی اور اسی طرح گرین ہاو¿سز سے گیسوں کے اخراج کو محدود کرنے میں مدد ملے گی۔ یوں پاکستان اپنے قومی اور بین الاقوامی ماحولیاتی اہداف کے حصول کی جانب ایک اہم قدم بڑھا سکے گا۔
اس پالیسی سے نجی شعبے کی سرمایہ کاری میں بھی خاطر خواہ اضافہ متوقع ہے۔ ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کار شمسی توانائی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کے لیے زیادہ پ±رعزم ہیں کیونکہ انہیں اپنی پیدا کردہ بجلی مختلف صارفین تک پہنچانے کا قانونی اور عملی طریقہ کار میسر ہوگا۔ اس کے نتیجے میں توانائی کے شعبے میں صحت مند مسابقت فروغ پائے گی اور صارفین کو بہتر اور کم لاگت کی اشیاءدستیاب ہوں گی۔
اگرچہ اس پالیسی کے فوائد بے شمار ہیں، تاہم اس کی کامیابی مو¿ثر اور شفاف نفاذ سے مشروط ہے۔ حکومت اور متعلقہ اداروں کو یقینی بنانا ہوگا کہ وہیلنگ چارجز مناسب اور منصفانہ ہوں، قومی گرڈ کی استعداد میں اضافہ کیا جائے اور تمام فریقوں کے لیے واضح اور شفاف ضابطے وضع کیے جائیں۔ یہ بھی ضروری ہے کہ اس پالیسی کے نفاذ سے عام گھریلو صارفین پر اضافی مالی بوجھ نہ پڑے اور بجلی کے نظام کا توازن برقرار رہے۔
مزید برآں، سولر وہیلنگ پالیسی توانائی کے شعبے میں مسابقت کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ قومی گرڈ پر دباو¿ کم کرنے اور توانائی کے متبادل ذرائع کو فروغ دینے میں بھی مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ اگر اس پالیسی کو طویل المدتی توانائی منصوبہ بندی کا حصہ بنایا جائے تو پاکستان توانائی کی خودکفالت کے سفر میں نمایاں کامیابی حاصل کر سکتا ہے۔
حقیقت یہ ہے کہ دنیا بھر میں توانائی کے شعبے میں تیزی سے تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں۔ ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک یکساں طور پر متبادل انرجی اور اسکے استعمال سے انرجی بحران سے نمٹنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پاکستان کے لیے بھی یہ ایک تاریخی موقع ہے کہ وہ اپنے وافر شمسی وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے توانائی کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرے۔ اگر سولر وہیلنگ پالیسی کو مو¿ثر منصوبہ بندی، شفاف نگرانی اور مستقل مزاجی کے ساتھ نافذ کیا گیا تو یہ نہ صرف توانائی کے بحران کے حل میں معاون ثابت ہوگی بلکہ پاکستان کو ایک پائیدار، ماحول دوست اور معاشی طور پر مضبوط مستقبل کی جانب لے جانے میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گی۔

ٹیگز: