راولپنڈی :پاکستان سپر لیگ کے دسویں سیزن کے چوتھے میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 220 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے اس میچ میں لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 219 رنز اسکور کیے۔
لاہور قلندرز کی بیٹنگ: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سعود شکیل نے ٹاس جیت کر لاہور قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
لاہور قلندرز کی طرف سے فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا جبکہ محمد نعیم صرف 10 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے۔ عبداللہ شفیق نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 37 رنز بنائے اور آؤٹ ہوئے۔
فخر زمان نے اپنی نصف سینچری مکمل کی اور 39 گیندوں پر 67 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 3 چھکے اور 7 چوکے شامل تھے۔ اس کے بعد ڈیرل مچل نے 37 رنز بنائے، سکندر رضا 6 رنز اور شاہین آفریدی 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
لاہور قلندرز کے وکٹ کیپر بلے باز سیم بلنگز نے آخری اوورز میں اپنی جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 19 گیندوں پر 50 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، جس سے ٹیم کا اسکور مزید مستحکم ہوا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی باؤلنگ: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے عقیل حسین اور ابرار احمد نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جب کہ فہیم اشرف اور عثمان طارق نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
یاد رہے کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اپنے پہلے میچ میں پشاور زلمی کو 80 رنز سے شکست دی تھی، جبکہ لاہور قلندرز کو اسلام آباد یونائیٹڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا