Wed, September 16, 2026

کراچی کنگز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی

کراچی کنگز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی

کراچی: پی ایس ایل 10 کا تیسرا میچ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا گیا، جہاں کراچی کنگز نے زبردست مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنی پہلی فتح حاصل کی ۔

کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، تو ملتان سلطانز کے بیٹرز نے بڑا ہدف دینے میں کوئی کسر نہ چھوڑی۔ کپتان محمد رضوان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 63 گیندوں پر ناقابل شکست 105 رنز بنائے، جبکہ مائیکل بریسویل نے بھی اچھی اننگز کھیلتے ہوئے 36 رنز جوڑے۔ ملتان نے مجموعی طور پر 236 رنز بنائے — جو پی ایس ایل کی تاریخ کے بڑے ٹوٹلز میں سے ایک ہے۔

اتنے بڑے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی شروعات کچھ خاص نہ تھیں، لیکن جیمز ونس کی شاندار سنچری نے بازی پلٹ دی۔ انہوں نے 101 رنز کی زبردست اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت کی بنیاد رکھی۔ دیگر کھلاڑیوں میں ٹم سیفرٹ نے 32 رنز بنائے، جبکہ عرفان خان اور عباس آفریدی آخر تک ناٹ آؤٹ رہے اور ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروایا۔

کراچی نے یہ ہدف آخری اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ ملتان کی جانب سے عاکف جاوید نے سب سے اچھی بولنگ کی اور 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، اسامہ میر اور بریسویل کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

اب تک پی ایس ایل کی تاریخ میں دونوں ٹیمیں 13 بار آمنے سامنے آ چکی ہیں، جن میں 7 بار ملتان سلطانز کامیاب رہی، جبکہ کراچی کنگز نے 6 میچز اپنے نام کیے ہیں۔

ٹیگز: