مسقط: عمان کے دارالحکومت مسقط میں ایران اور امریکا کے درمیان بالواسطہ مذاکرات کا پہلا دور مکمل ہو گیا ہے۔ دونوں ممالک کے وفود نے اس بات چیت کو مثبت اور تعمیری قرار دیا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق، ایرانی وفد کی قیادت نائب وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کی، جبکہ امریکی وفد کی نمائندگی امریکا کے خصوصی ایلچی برائے مشرق وسطیٰ، اسٹیو وٹکوف نے کی۔ اگرچہ بات چیت زیادہ تر بالواسطہ ہوئی، لیکن مذاکرات کے اختتام پر دونوں فریقوں کے نمائندوں نے چند منٹ براہِ راست بھی بات کی۔
عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ مذاکرات خوشگوار ماحول میں ہوئے اور دونوں طرف سے سنجیدہ رویہ دکھائی دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران ایک منصفانہ، باعزت اور برابری پر مبنی معاہدے کا خواہاں ہے، جو ایرانی عوام کے مفاد میں ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر امریکا بھی اسی نیت سے مذاکرات میں شریک ہوا ہے تو ابتدائی مفاہمت ممکن ہے، جو آگے چل کر بات چیت کا راستہ ہموار کرے گی۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ یہ بات چیت طویل نہیں ہوگی، اور امید ہے کہ پہلے ہی مرحلے میں کچھ ابتدائی سمجھوتا ہو جائے گا۔