اسلام آباد : ایران کے علاقے مہرستان، صوبہ سیستان میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں 8 پاکستانی باشندوں کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔ اس دل خراش واقعے پر وزیراعظم شہباز شریف نے گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔
اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ دہشتگردی صرف ایک ملک کا نہیں بلکہ پورے خطے کا مسئلہ ہے، اور اس کے خاتمے کے لیے تمام ہمسایہ ممالک کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے ایران سے مطالبہ کیا کہ وہ ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرے، انہیں سخت سزا دی جائے اور اس بہیمانہ واقعے کی مکمل حقیقت عوام کے سامنے لائی جائے۔
وزیراعظم نے وزارت خارجہ اور ایران میں پاکستانی سفارتخانے کو ہدایت کی ہے کہ متاثرہ خاندانوں سے فوری رابطہ کریں اور مقتولین کی میتوں کی بحفاظت وطن واپسی کو یقینی بنائیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہے اور ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔